قبائلی علاقے میں انسداد پولیو مہم 5 سال بعد کامیاب

Polio

Polio

اسلام آباد (جیوڈیسک) قبائلی علاقوں میں پولیو کے خلاف مہم میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ خیبرایجنسی کی تحصیل باڑہ میں 5 سال بعد انسداد پولیو کی 2روزہ مہم کامیابی سے اختتام پذیر ہوگئی۔

پولیومہم متحدہ عرب امارات حکومت کے تعاون سے چلائی گئی مہم میںپاک فوج، عالمی ادارہ صحت، فاٹا ہیلتھ سیکریٹریٹ نے خصوصی تعاون کیا۔ باڑہ میں 5سال بعد 100 فیصد بچوںتک ویکسین کی فراہمی یقینی بنائی گئی۔

مہم کے دوران 42 ہزار سے زائد بچوں کوپولیو سے بچائوکے قطرے پلائے گئے۔ وزیر اعظم پولیو مانیٹرنگ سیل کے ذرائع کے مطابق باڑہ میں سیکیورٹی وجوہ کی بناپر گذشتہ 5سال سے انسدادپولیو مہم معطل تھی جس کے دوران گذشتہ 5 سال میںباڑہ سے پولیوکے 50 سے زائد کیسز سامنے آئے تھے جبکہ رواں سال باڑہ سے پولیو کے 2کیس سامنے آئے ہیں۔

خیبرایجنسی کی تحصیل باڑہ میں جسے ماہرین صحت پولیوکا گڑھ سمجھتے ہیں، متحدہ عرب امارات حکومت کے خصوصی تعاون سے 2 روزہ انسداد پولیومہم 7 اور 8 جون کوچلائی گئی جس میں پاک فوج، عالمی ادارہ صحت، فاٹا ہیلتھ سیکریٹریٹ نے خصوصی تعاون کرتے ہوئے شرکت کی۔ ماہرین صحت اس مہم کی کامیابی کواہم پیش رفت قراردے رہے ہیں اور پرامید ہیںکہ ایسی ہی مہم دیگرقبائلی علاقہ جات میں بھی شروع کی جائے تو پاکستان کوپولیو سے پاک کیاجا سکتا ہے۔