اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر اعظم کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز کا کہنا ہے کہ دورہ بھارت کے نتائج ہماری توقعات سے بہتر نکلے، دونوں ممالک کے خارجہ سیکرٹری جلد ملاقات کریں گے، نواز مودی ملاقات میں پاکستان کو چارج شیٹ پکڑانے کی بات درست نہیں ہے۔
وزیر اعظم نواز شریف کے ہمراہ بھارت میں وزیر اعظم نریندر مودی کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے بعد اسلام آباد وزارت خارجہ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے سرتاج عزیز نے کہا دونوں ممالک کے مفاہمت کی راہ پر چلنے پر اتفاق رائے ہے۔ دو طرفہ تعلقات کے ایک نئے دور کا آغاز ہوا ہے۔ اعلان لاہور، کشمیر سمیت تمام مسائل کے حل کی بات کرتا ہے۔
سرتاج عزیز نے کہا دہشت گردی دونوں ملکوں کا مشترکہ مسئلہ ہے جسے دونوں ملکوں کو ہی حل کرنا ہو گا۔ پاک، بھارت خارجہ سیکرٹری جلد ملاقات کریں گے، بھارتی قیادت پاکستان کے ساتھ تعلقات میں امن کی خواہاں ہے۔ سرتاج عزیز نے کہا بھارت کو بتا دیا ہے کہ ممبئی حملہ کیس میں انصاف کے تقاضے پورے کیے جائیں گے۔ سرتاج عزیز کا کہنا ہے نواز مودی ملاقات میں پاکستان کو چارج شیٹ پکڑانے کی بات درست نہیں ہے۔