پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کے باوجود شہر اور گردونواح میں لوٹ مار کا سلسلہ بدستور قائم

Wazirabad

Wazirabad

وزیرآباد (تحصیل رپورٹر) پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں واضح کمی کے باوجود شہر اور گردونواح میں قائم ایجنسیوں کی لوٹ مار کا سلسلہ بدستور قائم۔ جگہ جگہ قائم ایجنسیوں کا اگر مستقل سدباب نہیں کیا جاسکتا تو انہیں قانونی دائرہ کار میں لاکر کنٹرول ریٹ پر پٹرول فروخت کرنے کا پابند بنایا جائے، شہری حلقوں کا ڈی سی اوگوجرانوالہ اور دیگر اعلیٰ حکام سے مطالبہ۔ حکومت کی طرف سے پٹرول کی قیمتوں میں دو بار واضح کمی کی گئی ہے جس کے بعد اصولی طور پر ٹرانسپورٹ کے کرایوں اور مہنگائی میں کمی آنا چاہیئے تھی مگر ایسا نہیں ہوا اور ایسی تمام اشیاء کی قیمتیں بدستور وہیں موجود ہیں جنہیں تیل مہنگا ہونے کیساتھ بڑھا لیا جاتا ہے۔ دوسری طرف شہر میں جگہ جگہ قائم تیل فروخت کرنے والی ایجنسیوں نے ابھی تک پٹرول100روپے فی لٹر میں فروخت کرنا شروع کر رکھا ہے۔

احمد نگر روڈ، سیالکوٹ روڈ ، ڈسکہ روڈ، حاجی پورہ چوک میں قائم ایجنسی مالکان ابھی تک پٹرول اور ڈیزل مہنگے داموں فروخت کر کے شہریوں کو دونوں ہاتھوں لوٹ رہے ہیں۔ شہریوں نے ڈی سی او گوجرانوالہ اور دیگر حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ پٹرول ایجنسی مالکان کیخلاف مہنگا پٹرول فروخت کرنے پر کاروائی عمل میں لائی جائے جبکہ غیر قانونی ایجنسیوں کو قانونی دائرہ کار میں لاکر انہیں کنٹرول ریٹ پر تیل کی فروخت کا پابند بنایا جائے۔