پشاور (جیوڈیسک) پشاور میں حیات آباد پولیس نے ٹرک کے ذریعے 20 ہزار کلو گوشت افغانستان سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔ کارخانو چیک پوسٹ پر پولیس نے افغانستان جانے والے ٹرک کو روکا، ٹرک میں بڑے جانور کا گوشت افغانستان سمگل کیا جا رہا تھا پولیس نے ڈرائیور کو گرفتار کر کے ٹرک اپنی تحویل میں لے لیا۔
حیات آباد تھانے میں واقعے کی ایف آئی آر درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے، ٹرک کو تالا لگا دیا گیا ہے۔ ذرائع نے گوشت کی برآمدگی اور ملزمان کی گرفتاری کے حوالے سے جب پولیس کا موقف جاننا چاہا تو ڈی ایس پی سمیت تھانے میں تعینات دیگر اہلکاروں نے بات کرنے سے انکار کر دیا۔