سیالکوٹ : حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سچی محبت اور غلامی ہی مومن کی حقیقی نشانی ہے اور آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سیرت مبارکہ کل عالم انسانیت کیلئے مینارہ نور کی حیثیت رکھتی ہے جس پر عمل پیرا ہو کر دنیا و آخرت میں کامیابی حاصل کی جا سکتی ہے۔
ان خیالات کا اظہار پاکستان مشائخ وعلماء کونسل کے ضلعی سینئر وائس چیئرمین و خلیفہ مجاز منڈیر شریف علامہ مفتی خادم حسین خادم القادری نے مرکزی جامع مسجد گلزار مدینہ رنگپورہ میں مقامی صحافی و فنانس سیکرٹری سیالکوٹ پریس کلب محمد شہزاد ریاض بٹ مرحوم کی روح کے ایصال ثواب کے سلسلہ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر چیئرمین پریس کلب چوہدری محمد انور حسین باجوہ،عمیر اشرف ،خواجہ ریحان نسیم ،ملک مظہر حسین اعوان، عبدالمجید بٹ اور صوفی محمد صدیق کے علاوہ ان کے عزیز واقارب اور دوست احباب کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔مفتی خادم حسین خادم القادری نے کہ یہ دنیا کی زندگی عارضی جبکہ آخرت کی مستقل ہے ہم عارضی زندگی کیلئے تو خوب محنت کرتے ہیں اور آخرت کی ہمیں فکر نہیں۔
انہوں نے کہا کہ انسان کو چاہیے کہ وہ وقت کو غنیمت جانتے ہوئے آخرت کی فکر کرئے اور اپنی زندگی کے شب وروز خوف خدا و عشق مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں بسر کرئے ۔علامہ سید محمد حنیف شاہ نے کہا کہ محمد شہزاد ریاض بٹ انتہائی ملنسار اور شفیق انسان تھے۔
انہوں نے صحافت کے شعبہ سے وابستہ ہوکر غریب ،نادار اور مظلوم کی آواز کو حکام بالا تک پہنچانے میں ہمشیہ اہم کردار ادا کیا ۔مرحوم ایک درد دل رکھنے والے انسان تھے اور ان کی صحافتی و سماجی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔تقریب سے صاحبزادہ برکت محی الدین قادری،محمد انور چشتی،محمد عمران قادری ودیگر نے بھی خطاب اور ہدیہ نعت پیش کیا۔