کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں تعینات امریکی قونصل جنرل گریس شیلٹن نے کہا کہ نئی امریکی حکومت پاکستانی عوام کے ساتھ دوستی کے رشتے کو مزید مضبوط کرے گی، جبکہ پاکستان میں متعین امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ مل کر جمہوریت، امن و استحکام اور معاشی ترقی کے مشترکہ مقاصد کے حصول کے لئے کا م کر رہے ہیں۔
گریس بدھ کو امریکی قونصل خانے میں صدارتی انتخابات کی مناسبت سے منعقد کی جانے والی تقریب میں تقریر کر رہی تھیں۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ امریکہ کو اپنے صدیوں پرانے انتخابی نظام پر فخر ہے۔ 8 نومبر کو امریکی عوام نے نہ صرف اپنے 45 ویں صدر کو منتخب کیا بلکہ 34 سینیٹرز، 12 ریاستی گورنرز اور ایوان نمائندگان کے ارکان کے انتخاب کے لئے بھی ووٹ ڈالے۔
تقریب میں شہر کی سماجی شخصیات، کاروباری حضرات، صحافیوں اور طلبا کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب کے شرکا نے ٹی وی پر براہ راست امریکی صدارتی انتخابات کے نتائج بھی دیکھے اور امریکی الیکشن کے بارے میں معلوماتی سیشنز میں حصہ لیا۔
ادھر اسلام آباد میں واقع امریکی سفارت خانے میں منعقدہ تقریب میں تقریر کرتے ہوئے امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل نے کہا کہ پاکستان میں امریکی سفارت خانے اور قونصل خانوں نے امریکی شہریوں کے لئے بیرون ملک ووٹنگ کی سہولت متعارف کرائی۔
امریکی سفیر کا کہنا تھا کہ پاکستان اور امریکہ مل کر جمہوریت، امن و استحکام اور معاشی ترقی کے مشترکہ مقاصد کے حصول کے لئے کا م کر رہے ہیں۔
ڈیوڈ ہیل نے امید ظاہر کی کہ جنوری 2017 کےبعد قائم ہونے والی نئی امریکی حکومت پاکستان کے ساتھ دو طرفہ تعاون کو مزید فروغ دے گی۔