لاہور (جیوڈیسک) پنجاب کے وزیر قانون رانا ثنااللہ کا کہنا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ امریکا کا عمران خان اور عمران خان پاکستان کے ڈونلڈ ٹرمپ ہیں، 2018ء میں پاکستانی ڈونلڈ ٹرمپ کی سیاست دفن کر دیں گے۔
رانا ثناء اللہ نے پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ اپوزیشن وزیراعظم نواز شریف کے خلاف کیس ثابت کرنے میں ناکام ہو گئی، پیش گوئیاں غلط ثابت ہونے پر شیخ رشید کو 15 جنوری کے بعد ڈوب مرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ 2013ء میں عوام پاکستانی ٹرمپ عمران خان سے بال بال بچے، آئندہ بھی انہیں ہر سطح پر مایوسی ہو گی۔
رانا ثناءاللہ کا کہنا تھا کہ پنجاب میں جماعت الدعوۃ کے خلاف کوئی ثبوت نہیں، کالعدم تنظیموں کے خلاف جہاں بھی شکایت ہو گی کارروائی کریں گے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ حافظ سعید کے خلاف جو بھی شواہد ہیں وہ وفاق کے پاس ہیں، انہیں وفاقی حکومت کے کہنے پر نظر بند کیا گیا، نظر بندی میں توسیع بھی ہو سکتی ہے۔
رانا ثناء کا یہ بھی کہنا ہے کہ شیخ رشید بات کو دلچسپ بنانے کے لیے فضول باتیں کرتے ہیں، 15 جنوری کے بعد تو شیخ رشید کو شرم سے ڈوب مرنا چاہیے تھا، ڈونلڈ ٹرمپ امریکیوں کی غلطی کی سزا ہے۔