واشنگٹن (جیوڈیسک) شمالی کوریا اور بعض دوسرے امور کی وجہ سے چین اور امریکا کے درمیان جاری کشیدگی کے جلو میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک نیا شوشہ چھوڑا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ روس نے شکست خوردہ صدارتی امیدوار سابق خاتون اول ہیلری کلنٹن کی ای میل تک رسائی حاصل کرکے وہاں سے حساس معلومات چوری کی تھیں۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق امریکی صدر نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائیٹ ’ٹوئٹر‘ پر پوسٹ کردہ ٹویٹس میں لکھا کہ چین نے ہیلری کلنٹن کے ذاتی ای میل اکاؤنٹ تک رسائی حاصل کرکے خفیہ معلومات چوری کی تھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا کے وفاقی تحقیقاتی ادارے’ایف بی آئی‘ کو چاہیے کہ وہ چین کی جانب سے ہیلری کلنٹن کی ای میل ہیک کیے جانے کی تحقیقات کرے ورنہ اس معاملے کی سچائی اورحقیقت کبھی سامنے نہیں آئے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ درحقیقت چین کی جانب سے ہیلری کلنٹن کے ای میل اکاؤنٹ کو ہیک کیے جانے کا قصہ بہت بڑا ہے۔ ان کے ای میل اکاؤنٹ سے اہم معلومات چوری کی گئی۔ صدر ٹرمپ نے چین پر الزام عاید کیا مگر اس کی مزید کوئی تفصیل یا الزامات کاثبوت پیش نہیں کیا۔
دوسری جانب چین نے امریکی صدر کے الزامات کو مضحکہ خیز قرار دے کر مسترد کر دیا ہے۔
چینی وزارت خارجہ کی خاتون ترجمان ھوا چون ینگ نے سرکاری اخبار سے بات کرتے ہوئے کہا کہ امریکی صدر کی طرف سے ای میل ہیکنگ سے متعلق الزام کوئی نئی بات نہیں۔ امریکیوں کی طرف سے ہم اس طرح کے الزامات اکثر سنتے رہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چین سائبر سیکیورٹی کا محافظ ہے۔ ہم کسی بھی شخصیت یا ملک پرسائبر حملہ کرنے یا معلومات چوری کرنے کے سخت خلاف ہیں۔ تاہم انہوں نے اس حوالے سے ہیلری کلنٹن کا نام نہیں لیا۔