کراچی : جامعہ بنوریہ عالمیہ کے رئیس وشیخ الحدیث مفتی محمد نعیم نے کہاہے کہ ٹرمپ کے عزائم عالمی امن کیلئے خطرے کی گھنٹی ہیں، مسلمانوں کو انتہا پسند قرار دیکر حیوانوں جیسا سلوک اورحالیہ اقدامات بنیادی انسانی حقوق کی پامالی ہے ، مسلم حکمران متحد ہوکر امریکی صد رکیخلاف منظم ہو جائیں اورامریکا میں مقیم مسلمان اپنے ممالک لوٹ آئیں اور مسلم امہ امریکا کا ہر لحاظ سے بائیکاٹ کا اعلان کرے ، پہلے دہشتگردی کے نام پر مسلمانوں کو کچلا گیا اب اسلامی دہشتگردی کا نام استعمال کرکے مسلمانوں کو کچلنے کی تیاری کی جارہی ہے ۔پیر کو جامعہ بنوریہ عالمیہ سائٹ ٹاؤن سے جاری بیان میں مفتی محمد نعیم نے ٹرمپ کے اقدامات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاکہ امریکا کبھی بھی مسلمانوں کا حامی رہاہے اور نہ کبھی حمایت کی ہے ہر دور میں امریکی پالیسیاں مسلمانوں کیخلاف رہی ہیں اورایک طرف سے دوستی کا ہاتھ بڑھاتے رہے ہیں تو دوسری جانب پیٹھ پر وار کرنا ان کا وطیرہ ہے، انہوں نے کہاکہ ایک انتہاپسند شخص کو صدارت کے عہدے پر فائز کیا گیا جس کا مقصد امریکی پالیسیوں کو آگے بڑھاتے ہوئے مسلمانوں کیخلاف گھیرا تنگ کرنے کے سواء کچھ بھی نہیں ہے۔
انہوں نے کہاکہ امریکی صدر کی انتہاپسندانہ پالیسیوں سے صرف مسلمانوں کو نقصان نہیں بلکہ پوری دنیا کیلئے خطرات ہیں ، انہوں نے کہاکہ امریکا کی دہشتگردی کا شکار مسلمان روز اول سے رہے ہیں کیمیائی ہتھیاروں کے بہانے سے عراق پر شب خون مارا گیا تو کبھی افغانستان کو بارود ڈھیر میں بدل دیاگیا دنیا میں جہاں کہیں بھی مسلمانوں پر ظلم ہوئے وہاں امریکا پیش پیش رہاہے ، انہوں نے کہاکہ نائن الیون کے بعد دہشتگردی کیخلاف شروع ہونے والی جنگ درحقیقت عالم اسلام کیخلاف تھی جس میں مسلم حکمران پیش پیش رہے آج امریکی نو منتخب صدر کے اقدامات اور اعلانات سے واضح ہوتاہے کہ امریکی پالیسیا ں نہیں بدلی بلکہ پہلے مسلمانوں کو دہشتگردی کے نام سے کچلا گیا اب اسلامی دہشتگردی کے نام سے کچلنے کی کوششیں کی جائیں گی ، انہوں نے کہاکہ مسلمان امریکا کو چھوڑکر اپنے ملکوں کو واپس آئیں اور امریکا کاہر طرح سے بائیکاٹ کیا جائے۔