واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکا کے اقوام متحدہ میں سابق سفیر اور نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ٹیم میں وزارت خارجہ کے ایک امیدوار جون بولٹن نے ایران کے حوالے سے سخت موقف اختیار کرتے ہوئے یران میں حکومت تبدیل کرنے پر زور دیا ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ کے قریبی ساتھی سمجھے جانے والے جون بولٹن نے ایک پریس کانفرنس کے دوران صحافیوں کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے کہا کہ ایران کی طرف سے دنیا اور خطے کے ملکوں کو درپیش چیلنجز سے نمٹنا ہو گا۔
میرے خیال میں ایرانی خطرے کا طویل البنیاد حل تہران میں حکومت کی تبدیلی کے سوا اور کوئی نہیں ہو سکتا۔ سابق امریکی سفیرنے کہا کہ ایران کے مذہبی پیشوا خطے کے ملکوں اور پوری دنیا کے امن وسلامتی کے لیے خطرہ ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں جون بولٹن نے کہا کہ میں یہ نہیں کہتا کہ ایران میں مقتدر نظام کے خاتمے سے تمام مسائل حل ہوجائیں گے تاہم تہران کی طرف سے سب سے بڑا خطرہ ٹل جائے گا۔
انہوں نے موجودہ امریکی صدر باراک اوباما کی ایران بارے پالیسی کو بھی ہدف تنقید بنایا، انہوں نے کہا کہ سنہ 2009ء میں ایران میں ہونے والے احتجاج کے دوران ایرانی عوام نےامریکا کو مددکے لیے پکارا تھا۔ ایرانی عوام نے کہا تھا کہ امریکا یا تو ان کےساتھ کھڑا ہو یا حکومت کا ساتھ دے۔ مگر امریکی انتظامیہ ایرانی عوام کی کوئی مدد نہیں کرسکی۔
خیال رہے کہ جون بولٹن امریکا کے جہاں دیدہ سیاست دان ہیں۔ وہ امریکا اور ایران کے درمیان طے پائے اس معاہدے کے بھی سخت خلاف رہےہیں جس کے تحت تہران نے اپنا جوہری پروگرام محدود کرنے کااعلان کیا تھا اور اس کے بدلے میں امریکا اور عالمی طاقتوں نے تہران پر عاید اقتصادی پابندیاں ختم کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔
جون بولٹن کا کہنا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان طے پانے والے معاہدے کی کوئی حیثیت نہیں۔یہ روٹین کا معمولی نوعیت کا معاہدہ ہے۔
جون بولٹن کو مشرق وسطیٰ کے امور میں گہری دسترس حاصل ہے۔ ان کا نام ڈونلڈ ٹرمپ کی ٹیم میں وزارت خارجہ کے منصب کے لیے مجوزہ تین ناموں شامل ہے۔ امریکی میڈیا کے مطابق سابق صدارتی امیدوار ’میٹ رومنی‘ ڈونلڈ ٹرمپ کے نئے وزیرخارجہ بن سکتے ہیں۔