لاہور : امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ ٹرمپ مسلم دنیا پر پابندیاں عائد کر کے خود کو اور اپنی عوام کو امریکہ کے حدو اربعہ میں مقید کر رہے ہیں ٹرمپ اسلامی نظام کی مقبولیت سے خوف زدہ ہیں، حکمران سرمایہ دارانہ نظام میں اپنی پناہ تلاش نہ کریں۔ حکمران طبقہ ہیلی کاپٹر اور چارٹرڈ طیاروں میں شاہانہ سفر کرے، ہم سائیکل پر بیٹھ کر عوام کی دہلیز تک پہنچیں گے ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے زیر اہتمام کل پاکستان اجتماع اراکین سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے مزید کہا کہ ہماری لڑائی وقت کے نمرود ، سٹیٹس کو کے خلاف ہے، جو غریبوں کا خون نچوڑ رہا ہے۔ سرمایہ دارانہ نظام ملک کو تباہی کی جانب دھکیل رہا ہے۔ اس نظام کی بدولت امیروں کے کتے مکھن کھاتے ہیں جبکہ غریب کے بچے کچرے کے ڈھیر سے رزق تلاش کرنے پر مجبور ہیں ۔ ہم معیشت، سیاست ، حکومت اور معاشی نظام کی تبدیلی کے خواہاں ہیں۔مغربی نظام نے انسان کو ایک مادی جانور بنا کر روپے کا اور مادیت کا غلام بنا دیا ہے۔جو لوگ اسلام کو محض مسجد و محراب تک محدود رکھنا چاہتے ہیں وہ کسی خام خیالی کا شکار نہ ہوں ، اسلام ہر شعبے کی بنیاد ہے۔زراعت، معیشت، افرادی قوت اور تجارت کی بہتری اسلامی نظام حیات میں ہے۔
بارود کی آگ اور بے بنیاد پرو پیگنڈے سے اسلام کے نور اور خوشبو کو قید نہیں کیا جا سکتا۔۔دنیا تیزی سے تبدیل ہورہی ہے، گلوبل اسلامک مارچ تیزی سے کامیابی کی جانب گامزن ہے۔ترقی ، ترقی او ر ترقی کا ایجنڈہ جماعت اسلامی کا ایجنڈہ ہے جو اسلامی پاکستان ، خوشحال پاکستان کی بنیاد ہے۔ہمارے سرمایہ دار حکمران مغربی خیرات اور مصنوعی آکسیجن پراپنے اقتدار کی سانسیں گن رہے ہیں۔ہم ہر قسم کی دہشت گردی کے خلاف ہیں خواہ وہ مسلح دہشت گردی ہو، یا سیاسی و معاشی دہشت گردی ہو۔معاشی دہشت گردی نے پسے ہوئے عوام کو غربت کے اندھیروں میں دھکیل دیا ہے۔سراج الحق نے حکمرانوں کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکمرانوں میں ایسٹ انڈیا کپمنی سے مسلمانوں سے غداری کے بعد حاصل کی گئی جاگیروں کے مالک شامل ہیں۔
عہد وفاداری نبھاتے ہوئے وہی سرمایہ دار اور جاگیر دار ملک کے نظام سیاست پر قابض ہو چکے ہیں اور انہی کے مفادات کے تحفظ میں مصروف ہیں۔موجودہ الیکشن کمیشن پر دبائو بڑھاکر اسے مجبور کیں گے کہ وہ آئین کے آرٹیکل62 ,63پر عمل درآمد کرے تاکہ ملک کو صالح اور دیانت دار قیادت نصیب ہوسکے۔اسلامی جمعیت طلبہ نوجوانوں کی وہ تحریک ہے جس نے اس ملک کی سیاست اور ہر شعبہ زندگی کو صالح افراد دئیے،آئین کی شقوں پر پورا اترنے والے افراد کا زمانہ طالب علمی میں اسلامی جمعیت طلبہ سے تعلق رہا ہے اور قوم کو جمعیت کے اس کردار پر فخر کرنا چاہئے۔بعد ازاں سراج الحق نے صحافیوں کے سوالات کے جواب دیتے ہوئے کہا کہ پانامہ کیس میں جیت عوام کی ہو گی۔
عدالت کا ہر فیصلہ تسلیم کریں گے، پانامہ کیس کے ہر کردار کا احتساب لازم ہے اور اس کا آغاز وزیر اعظم سے ہونا چاہئے۔جماعت اسلامی نے کرپشن کے خلاف مہم کا آغاز کیا اور اس حوالے سے کراچی سے چترال تک ہر شہر میں عوام کو آگاہی دی اور جماعت اسلامی کی دجہ سے ہی عوام باشعور ہیں اور انہیں علم ہے کہ پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ کرپشن ہے۔نیب کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ نیب کا پلی بارگین کا قانون ختم ہونا چاہئے۔ نیب کی چیر مین کے تقرر کا اختیار وزیر اعظم اور اپوزیشن لیڈر کی بجائے چیف جسٹس اور چاروں صوبوں کے چیف جسٹز کے پاس ہونا چاہئے، سیاست دان چیرمین کا تقرر کرکے اس سے مفاد کے حصول کے خواہاں ہوتے ہیں۔
سید امجد حسین بخاری، سیکرٹری اطلاعات ،اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان 03004935656