اسلام آباد (جیوڈیسک) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے بنی گالہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جے آئی ٹی کی رپورٹ پر اپنے ردعمل میں کہا کہ جے آئی ٹی رپورٹ کے بعد نواز شریف فوری استعفیٰ دیں، ہمارے سارے خدشات سچ ثابت ہو گئے ہیں۔
آج ساری چیزیں سامنے آ گئی ہیں۔ عمران خان نے مزید کہا کہ دو ججز نے جب نواز شریف کو نااہل کیا، اسی وقت نواز شریف مستعفی ہو جاتے تو اچھا تھا، واضح ہو گیا کہ انصاف کو روکنے کے لئے پوری رکاوٹیں ڈالی گئیں، اپنی چوری چھپانے کے لئے ملکی اداروں سے غلط کام کروائے گئے۔
عمران خان نے مزید کہا کہ اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں کہ سچ سامنے آ گیا، میرے رشتے داروں کو بھی نشانہ بنایا گیا، مجھے دھمکیاں دی گئیں اور میرے خلاف کیسز بنائے گئے۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ شریف فیملی کے لوگ کرپشن کے پیسے کو بیرون ملک بھیجتے ہیں، ڈالر کی کمی ہونے پر ہمیں قرض لینے پڑتے ہیں، قرضوں کیوجہ سے غربت بڑھتی ہے۔
عمران خان نے مطالبہ کیا کہ نواز شریف کے ساتھ ایاز صادق کو بھی استعفیٰ دینا چاہئے، یہ خاندان 30 سال سے ملک لوٹ رہا ہے، ایس ای سی پی، آئی بی شریف خاندان کی کرپشن بچا رہے ہیں۔
نواز شریف کے پاس استعفیٰ دینے کے علاوہ کوئی آپشن نہیں، نواز شریف کس منہ سے ملک پر حکومت کریں گے؟ ان کا کہنا تھا کہ رپورٹ آنے کے بعد نواز شریف کس منہ سے حکومت کریں گے؟ آج تصدیق ہو گئی کہ فلیٹ کی اصل مالک مریم نواز ہیں، چوری کے پیسوں سے مریم نوازکے نام پر فلیٹ خریدے گئے۔