کراچی (جیوڈیسک) کمشنر کراچی اور آرٹس کونسل کے چیئرمین شعیب احمد صدیقی نے کہا ہے کہ آرٹس کونسل کے سالانہ انتخابات 21 دسمبر اتوار کو ہوں گے۔ یہ اعلان انہوں نے آرٹس کونسل میں ایک پرہجوم پریس کانفرنس میں کیا۔انہوں نے کہا کہ صدر، نائب صدر، سیکریٹری، جوائنٹ سیکریٹری، خازن اور گورننگ باڈی کے 12 ممبران کے لیے الیکشن 21 دسمبر کو جنرل باڈی اجلاس کے نصف گھنٹے بعد مقررہ وقت پر شروع ہو گا، پولنگ 8 گھنٹے بلاوقفہ جاری رہے گی جب کہ کاغذات نامزدگی کے لیے فیس 200روپے مقرر کی گئی ہے، 6 دسمبر تک کاغذات نامزدگی کے فارم دستیاب ہوں گے، 8 دسمبر کو شام 6بجے تک کاغذات جمع ہوں گے، 10 دسمبر کو کاغذات کی جانچ پڑتال ہو گی، 11 دسمبر کو کاغذات نامزدگی واپس لیے جا سکتے ہیں اور اسی دن شام 6 بجے کے بعد الیکشن میں حصہ لینے والے ممبران کی حتمی فہرست آویزاں کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ووٹر لسٹ کی حتمی فہرست 7 دسمبر کو آویزاں کی جائے گی۔ کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی نے مزید بتایا کہ الیکشن میں حصہ لینے والے پینل کے 3، 3 نمائندوں کو ہفتے کو 3بجے طلب کر لیا گیا ہے۔ اس موقع پر اجلاس میں الیکشن کے لیے ضابطہ اخلاق، اعتراضات اور الزامات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہر سال کی طرح اس دفعہ بھی کراچی آرٹس کونسل کے سالانہ الیکشن کو پر امن اور شفاف بنانے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی،امید ہے کہ الیکشن میں حصہ لینے والے تمام پینل خوشگوار ماحول کو یقینی بنائیں گے ،کسی کے ساتھ نا انصافی نہیں ہو گی جو بھی شکایات ہوں گی ان کا ازالہ کیا جائے گا۔