مردان (جیوڈیسک) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ سونامی کے خوف سے نواز شریف اور آصف زرداری بھائی بھائی بن گئے ہیں لیکن ہم عوام کی طاقت سے سب کو شکست سے دوچار کریں گے۔
مردان میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے تحریک انصاف کے چیئرمین نے کہا کہ بلدیاتی نظام نہ ہونے کی صورت میں سارا پیسا وزیروں کے پاس رہتا ہے مگر ہم نیا بلدیاتی نظام متعارف کروارہے ہیں جس میں گاؤں کی سطح پر لوگوں کو اختیار دیا جائے گا جہاں وہ پہلی بار اپنی زندگی کے فیصلے خود کرسکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ بلدیاتی نظام کے بعد عوام کو حقیقی تبدیلی نظر آئے گی جب فنڈز ایم این ایز اور ایم پی ایز کے بجائے عوام کے منتخب کردہ بلدیاتی نمائندوں اور گاؤں کی کونسل کے پاس جائیں گے جس سے وہ خود جہاں چاہیں اسکول، اسپتال اور گراونڈ کی تعمیر کرسکیں گے۔
عمران خان نے اے این پی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنے دورحکومت میں بلدیاتی انتخابات کیوں نہیں کرائیں جب کہ سونامی کے خوف سے اے این پی اور جے یو آئی (ف) جب کہ پنجاب میں آصف زرداری اور نوازشریف ایک ہوگئے ہیں لیکن ہم عوام کی طاقت سے ان سب کو شکست سے دوچار کریں گے۔
خیبرپختونخوا حکومت کی کارکردگی کے حوالے سے عمران خان کا کہنا تھا کہ یہاں کی پولیس دیگر تمام صوبوں سے بہتر اور مثالی ہے پنجاب کی گلو پولیس بے گناہوں کو تشدد کا نشانہ بناتی ہے جب کہ خیبرپختونخوا کی پولیس عوام کی حفاظت کرتی ہے۔