کراچی (جیوڈیسک) کراچی ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کا کہنا ہے کہ گیارہ مئی کے الیکشن میں متحدہ کے خلاف پروپیگنڈا کیا گیا، لفٹر سے گرنے کے باوجود ایک سیاسی رہنما کو عقل نہیں آئی، سونامی کی باتیں کرنے والی پارٹی بائیس اگست کو بہہ گئی۔
ایم کیو ایم کے امیدواروں کی ضمنی الیکشن میں کامیابی پر کراچی میں یوم تشکر کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے الطاف حسین نے 1979 کا بلدیاتی نظام نافذ کرنے پر سندھ حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔ الطاف حسین نے پیپلز پارٹی سے سندھ میں ایم کیو ایم کا مینڈیٹ تسلیم کرنے کا مطالبہ کیا۔
الطاف حسین کا کہنا تھا کہ لفٹر سے گرنے کے باوجود ایک سیاسی رہنما کوعقل نہیں آئی، سونامی کی باتیں کرنے والی پارٹی ضمنی الیکشن میں بہہ گئی۔ الطاف حسین نے کہا کہ بھارت پاکستان کی سرحدی خلاف ورزی کر رہا ہے، خدارا اختلافات بھلا کر سب مسلح افواج کے ہاتھ مضبوط کریں حکومت کو یقین دلاتے ہیں کہ ڈٹ کر فیصلہ کریں۔