ٹی ٹی پی کراچی میں دہشتگردی کر سکتی ہے، محکمہ داخلہ سندھ

TTP

TTP

اسلام آباد (جیوڈیسک) القاعدہ برصغیر کی ہدایت پر کالعدم تحریک طالبان کے کارندے، کراچی میں دہشت گردی کی وارداتیں کرسکتے ہیں، اہم شخصیات اور تنصیبات کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی بھی ہے، گرفتار دہشت گرد سے تفتیش کے بعد الرٹ جاری، محکمہ داخلہ سندھ نے متعلقہ حکام کو خط کے ذریعے آگاہ کردیا۔

محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے جاری مراسلے میں بتایا گیا ہے کہ حال ہی میں گرفتار کیے گئے انتہائی اہم ملزم نے دوران تفتیش انکشاف کیا ہے کہ القاعدہ انڈین ریجن کی ہدایت پر تحریک طالبان نے دہشتگردی کی منصوبہ بندی کی ہے۔ محکمہ داخلہ نے رینجرز ہیڈکوارٹر، آئی جی سندھ اور آئی جی جیل کو خطرات سے آگاہ کردیا ہے۔

مراسلے میں بتایا گیا ہے کہ اہم گرفتاری کی وجہ سے دہشت گرد منصوبہ بندی پر عمل نہیں کرسکے ہیں، دہشت گرد ملکی اور غیرملکی تنصیبات اور دفاتر کو نشانہ بناسکتے ہیں، رینجرز اور پولیس کے بعض افسران بھی دہشت گردوں کے ٹارگٹ پر ہیں،ماڈل کالونی میں پولیس اور گلشن اقبال میں رینجرز کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی ہے۔

مراسلے میں بتایا گیا ہے کہ دہشتگردوں نے پولیس ٹریننگ سینٹر کی بس پر حملے کی بھی منصوبہ بندی کی ہے۔محکمہ داخلہ سندھ نے تمام متعلقہ اداروں سے سیکیورٹی بڑھانے کیلئے کہا ہے ۔