تیونس : برلن میں ٹرک حملہ کرنے والے کا بھانجا گرفتار

ISIS

ISIS

برلن (جیوڈیسک) تیونس میں پولیس نے جرمن دارالحکومت برلن میں کرسمس مارکیٹ پر ٹرک چڑھانے والے حملہ آور انس عامری کے بھانجے سمیت تین مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔

تیونسی وزارت داخلہ نے ہفتے کے روز ایک بیان میں کہا ہے کہ ان تینوں مشتبہ افراد کو جمعے کو گرفتار کیا گیا تھا۔ان کی عمریں 18 اور 27 سال کے درمیان ہیں اور یہ دہشت گرد انس عامری سے وابستہ دہشت گردی سیل کے ارکان تھے۔

وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ عامری نے اپنے بھانجے کو رقوم بھیجی تھیں اور اس کو عراق اور شام میں برسرپیکار سخت گیر جنگجو گروپ دولت اسلامیہ (داعش) کی بیعت کرنے کی ترغیب دی تھی۔

بیان کے مطابق ”سیل کا ایک رکن دہشت گرد عامری کی بہن کا بیٹا ہے۔تفتیش کے دوران میں اس نے ٹیلی گرام کے ذریعے اپنے ماموں سے روابط کا اعتراف کیا ہے۔اس نے مزید بتایا ہے کہ وہ اس کو رقم بھیجتا رہتا تھا تاکہ وہ بھی جرمنی میں اس کے پاس جا سکے۔

تیونسی حکام نے اس بھانجے کا نام نہیں بتایا ہے۔ البتہ اس نے بتایا ہے کہ اس کا ماموں جرمنی میں ابوالاعلیٰ بریگیڈ نامی ایک گروپ کا ”شہزادہ ” یا لیڈر تھا۔