تیونس : اپوزیشن کا حکومت سے مستعفی ہونے کا مطالبہ

Tunisia

Tunisia

تیونس (جیوڈیسک) تیونس میں جاری سیاسی بحران کے حل کے لئے اپوزیشن نے حکومت سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کر دیا۔ تیونس کی حکمران جماعت کے رہنما راشد الغنوشی اور تیونسی لیبر یونین کے صدر حسین العباسی نے ملک میں جاری سیاسی بحران کے حل کے لیے ملاقات کی۔ ملاقات کے بعد ذرائع سے بات چیت کرتے ہوئے اپوزیشن رہنما کا کہنا تھا کہ اگر حکومت ملک میں جاری بحران کا حل چاہتی ہے۔

اسے مستعفی ہونا پڑیگا جبکہ حکمران پارٹی کے سربراہ راشد الغنوشی نے کہا کہ ان کی جماعت سیاسی انتقال اقتدار کے عمل میں تبدیلی کے لیے حزب اختلاف کے ساتھ مذاکرات کو تیار ہے۔ لیکن انھوں نے وزیراعظم کو ہٹانے یادستور ساز اسمبلی کی تحلیل کے مطالبے کو مسترد کر دیا ہے۔

واضح رہے کہ تیونس میں حزب اختلاف کے رکن اسمبلی محمد براہیمی کے قتل کے بعد سے ملک بھر میں احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے اور حزب اختلاف کی جماعتیں حکومت سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کر رہی ہیں۔