رحیم یار خان (جیوڈیسک) سانحہ تربت میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے 20 مزدوروں کی نماز جنازہ آبائی علاقوں رحیم یار خان ،تھر پارکر اور بدین میں ادا کردی گئی ۔اس موقع پر رقت آمیز مناظر دیکھے گئے۔
سانحہ تربت میں جاں بحق ہونے والے 20 مزدوروں میں سے 13 مزدوروں کی میتیں رحیم یار خان کے علاقوں چک 212اور موضع شاہ پور پہچائی گئیں۔ 6 مزدوروں کی نماز جنازہ چک 212 میں ادا کرنے کے بعد سپردخاک کردیاگیا جبکہ 7 مزدوروں کی تدفین موضع شاہ پور میں کی گئی ہے۔
7مزدوروں کی میتیں آبائی علاقوں تھر پار کر اور بدین میں رات گئے پہنچادی گئیںجس کے بعد 5 مزدورں کی نماز جنازہ آج صبح تھرپارکر کے گاؤں چونہار میں ادا کی اور دو مزدوروں کی نماز جنازہ بدین کے گاوں سلیمان منگوانہ میں ادا کی گئی۔
تمام افراد کو مقامی قبرستان میں سپرد خاک کردیاگیا ہے ۔بدین سے تعلق رکھنے والے دونوں مزدور سگے بھائی ہیں۔ گزشتہ روز تربت میں سوراب ڈیم پر کام کرنے والے مزدوروں کے کیمپ پر دہشت گردوں نے فائرنگ کردی تھی جس کے نتیجے میں 20 محنت کش جاں بحق ہوگئے تھے ۔