ترکی کے ساتھ ہونے والے پندرہ بڑے معاہدوں کے نتیجے میں پاکستان کے اندر تعمیر و ترقی کے ایک نئے سفر کا آغاز ہوگا
Posted on September 19, 2013 By Geo Urdu سٹی نیوز
مصطفی آباد/للیانی(محمد عمران سلفی سے))ترکی کے ساتھ ہونے والے پندرہ بڑے معاہدوں کے نتیجے میں پاکستان کے اندر تعمیر وترقی کے ایک نئے سفر کا آغاز ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار ایم پی اے مسلم لیگ ن محمد یعقوب ندیم سیٹھی اور ایم پی اے حاجی نعیم صفدر انصاری نے مصطفی آباد میں صحافیوں کو دئیے گئے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ ترکی ہمارا ایک ایسا بردار اسلامی ملک ہے جس کے ساتھ بلاشبہ ہمارے دیرینہ روابط ہیں تاہم میاں محمد نوازشریف اور ترکی کی قیاد ت کے درمیان جو والہانہ پن اور گرم جوشی پائی جاتی ہے وہ تاریخ کا حصہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ لاہور میں میٹرو بس جیسا منصوبہ ترکی کی طرف سے دیا جانے والا تحفہ ہے اور گزشتہ روز طے پانے والے معاہدوں میں پاکستان کے دیگر تین شہروں میں میٹرو بس چلانے کے ساتھ ساتھ غذائی اجناس کے تبادلے اور دفاعی معاملات پر اہم پیش رفت شامل ہے انہوںنے کہاکہ ہماری حکومت تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات رکھنے کی خواہش مند ہے کیونکہ تاریخ نے ہمیں یہ سبق سکھایا ہے کہ جنگیں اور لڑائیاں مسائل کا حل نہیں ہوتیں بلکہ مسائل کو جنم دیتی ہیں یہی وجہ ہے کہ ہم چین بھارت ایران اور افغانستان کے ساتھ برابری کی سطح پر تعلقات کی بحالی اور مضبوطی کے خواہاں ہیں انہوںنے کہا کہ میاںنوازشریف کے دورہ چین کے دوران جن یاداشتوں پر دستخط ہوئے ہیں وہ آنے والے وقت میں اس خطے کے محکوم طبقات کی تقدیر بدل کر رکھ دیں گے۔