انقرہ (جیوڈیسک) ترکی میں درجنوں شہریوں کو بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی ہے اور حکام کا کہنا ہے کہ ایسا یورپ سے آنے والے کنکشنز کٹ جانے کے باعث ہوا ہے۔
بجلی کی بندش سے استنبول کی ٹرام اور میٹرو ٹرین سمیت دیگر پبلک ٹرانسپورٹ کے ذرائع اور بجلی گھر متاثر ہوئے ہیں۔ توانائی کی وزارت میں ہنگامی مرکز قائم کردیا گیا ہے۔ وزیرِاعظم احمت دائود اے گلو کا کہنا ہے کہ دہشت گردی سمیت تمام ممکنہ اسباب کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
بجلی کی فراہمی منگل کے روز مقامی وقت کے مطابق صبح ساڑھے دس بجے بند ہوئی۔ترکی الیکٹریک ٹرانسمیشن کمپنی کے مطابق استنبول اور انقرہ میں صرف 15 فیصد علاقوں میں اس وقت بجلی موجود ہے۔ استنبول ٹرانسپورٹ کمپنی کا کہنا ہے کہ اس نے اپنی سروس کو بحال کر دیا ہے۔
متعدد شہروں کو بجلی کی فراہمی بحال کر دی گئی ہے۔ واضع رہے کہ ترکی میں کبھی کبار بجلی کی لوڈ شیڈنگ تو ہو تی رہتی ہے مگر مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ انھوں نے اس طرح کی ملک گیر بجلی کی بندش پہلے کھبی نہیں دیکھی۔ وان کا شہر جہاں بجلی ایران سے فراہم کی جاتی ہے بجلی کی اِس بندش سے متاثر نہیں ہوا۔