ترکی (اصل میڈیا ڈیسک) ترکی میں کرونا کی وباء جیلوں میں پہنچ گئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق ترکی کی ایک جیل میں تین سزا یافتہ قیدی کرونا سے ہلاک ہوگئے ہیں۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق ترکی کے وزیر انصاف عبدالحمید گل نے کل سوموار کو بتایا کہ کرونا کی وباء جیلوں تک پہنچ گئی ہے اور متعدد قیدی ہلاک ہوگئے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں ترک وزیر انصاف نے کہا کہ ترکی کی پانچ جیلوں میں 17 قیدی اس وباء کا شکار ہوئے ہیں۔ ان میں سے تین اسپتالوں میں دوران علاج فوت ہوگئے۔
ترکی میں قیدیوں کی سزا کی مدت پوری ہونے کے قریب انہیں کھلی جیلوں میں لے جایا جاتا ہے جہاں سے انہیں رہا کیا جاتا ہے۔
ترک وزیر انصاف نے بتایا کہ کرونا کا شکار ہونےوالے 13 قیدیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ ایک قیدی کو آئی سی یو منتقل کیاگیا ہے۔ وہ پہلے ہی مختلف بیماریوں کا شکار ہے۔
ترک وزارت صحت کے مطابق ملک میں کرونا سے اب تک 57 ہزار افراد کرونا کا شکار ہوئے ہیں۔ ان میں 1200 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ترکی کی جیلوں میں کرونا کے وائرس پھیلنے کے خطرات بڑھ سکتے ہیں کیونکہ اس وقت ترکی کی جیلوں میں 90 ہزار افراد قید ہیں۔