انقرہ (جیوڈیسک) یورپی یونین کا ترک مظاہرین پر طاقت کے بے مہابا استعمال پر اظہار تشویش، ترک وزیر خارجہ نے یورپی یونین کی تنقید مسترد کر دی۔ ترک وزیر خارجہ احمد دائود اوغلو نے یورپی یونین کی جانب سے ترک حکومت کی مظاہرین کے خلاف حالیہ کریک ڈائون کارروائیوں پر تنقید کی مذمت کر دی ہے۔
اسے ناقابل قبول قرار دیا ہے۔ یورپی یونین نے جمعرات کو ترک حکومت پر زور دیا تھا کہ وہ پرامن مظاہرین کے خلاف سخت کارروائیاں نہ کرے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق تنظیم نے ترک وزیراعظم رجب طیب ایردوآن سے کہا ہے کہ وہ مظاہرین کے بارے میں مصالحتی طرز عمل اختیار کریں۔
یورپی پارلیمان نے سٹراسبرگ میں منعقدہ اپنے اجلاس میں ایک قرارداد منظوری کی ہے جس میں ترک پولیس کی جانب سے پرامن مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے طاقت کے غیر متناسب اور بے مہابا استعمال پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ قبل ازیں یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی سربراہ کیتھرین آشٹن نے ترک وزیراعظم ایردوآن پر زور دیا۔
وہ حکومت مخالف مظاہرین کے ساتھ مذاکرات کا راستہ اختیار کریں اور جمہوری طرز عمل اختیار کریں۔ انھوں نے ترکی میں جاری حالیہ شورش کے حوالے سے اپنے پہلے ردعمل میں کہا کہ ایردوآن کو مظاہرین کے بارے میں معاندانہ طرز عمل اختیار کرنے کے بجائے مفاہمانہ رویہ اپنانا چاہیے۔ انھوں نے ترک پولیس کی جانب سے استنبول کے تقسیم چوک میں مجموعی طور پرامن مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے اشک آور گیس، پلاسٹک کی گولیوں اور پانی کے استعمال کی مذمت کی۔