انقرہ (جیوڈیسک) ترک حکام نے ملک میں ایران کے لیے جاسوسی کرنے والے ایک گروہ کا سراغ لگایا ہے۔ یہ گروہ ترکی کے ایئر ڈیفنس سسٹم اور کئی دوسرے حساس منصوبوں کے بارے میں معلومات جمع کر رہا ہے۔
ترکی کے اخبار کی رپورٹ کے مطابق ملک میں توحید ا سلام کے نام سے سرگرم اس گروپ کے کئی ارکان کو حراست میں لیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق پولیس نے ملک میں ایران کے لیے جاسوسی میں سرگرم عناصر کی سرگرمیوں کے بارے میں 854 صفحات پر مشتمل ایک طویل رپورٹ بھی مرتب کی ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ترکی میں مختلف کمپنیوں میں کام کرنے والے ایرانیوں اور کچھ ترک باشندوں کے ایرانی خفیہ اداروں کے ساتھ خفیہ روابط کا پتہ چلا ہے۔
یہ لوگ نیٹو کے ریڈار سسٹم اور ترکی کے فضائی دفاعی نظام کے بارے میں حساس معلومات جمع کرتے رہے ہیں۔ بعد ازاں یہ خفیہ معلومات ایرانی پاسداران انقلاب کو ارسال کی جاتی تھیں۔
جاسوسی کے علاوہ ایرانی ایجنٹ استنبول میں امریکی قونصلیٹ پر حملے کی منصوبہ بندی بھی کر رہے تھے۔ انہوں نے استنبول میں نیوکلیئر ریسرچ انسٹیٹیوٹ کی بھی جاسوسی کی اور اس میں ہونے والے کام کے بارے میں تہران کو معلومات فراہم کیں۔