ترکی (جیوڈیسک) ترکی نے سکول کھلنے سے ایک ہفتہ قبل 11 ہزار اساتذہ کو مبینہ طور پر کالعدم کردستان ورکرز پارٹی سے روابط کے الزام میں معطل کر دیا ہے۔
ترک وزیر اعظم بن علی یلدرم کا کہنا ہے کہ ان کے خیال میں 14 ہزار اساتذہ ایسے ہیں جس کے روابط شدت پسند کارروائیوں سے ہیں۔
یاد رہے کہ ترکی اور مغربی ممالک کردستان ورکرز پارٹی کو دہشت گرد قرار دے چکی ہے۔ جولائی میں ناکام بغاوت کے بعد سے ترک حکومت نے ہزاروں سکول کارکنان اور نجی اساتذہ کے خلاف کارروائی کی تھی۔
ترکی کی وزارت تعلیم کا کہنا ہے کہ 11 ہزار 285 اساتذہ کو معطل کر دیا گیا ہے اور تحقیقات مکمل ہونے تک تہ اساتذہ چھٹی پر ہیں۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی انادولو کے مطابق ان اساتذہ کو علیحدگی پسند دہشت گرد تنظیم اور اس کی ذیلی تنظیموں کے ساتھ مبینہ تعلقات پر معطل کیا گیا ہے۔
خبر رساں ایجنسی کا کہ کہنا ہے کہ تحقیقات جیسے جیسے بڑھے گی یہ تعداد 14 ہزار تک پہنچ سکتی ہے۔
ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ ان اساتذہ کا تعلق ملک کے کس حصے سے ہے۔
ترکی میں ساڑھے آٹھ لاکھ اساتذہ ہیں اور معطل ہونے والے اساتذہ کا مطلب یہ ہوا کہ صرف دو فیصد اساتذہ کو معطل کیا گیا ہے۔