انقرہ (جیوڈیسک) ترکی میں پارلیمانی انتخابات کے لئے پولنگ جاری ہے جس میں 5 کروڑ 37 لاکھ سے زائد رائے دہندگان صدر رجب طیب اردگان اور ان کی جماعت کے مسقبل کا فیصلہ کریں گے۔
ترکی کے سرکاری میڈیا کے مطابق ملک کے 81 صوبوں میں پارلیمنٹ کی 550 نشستوں پر 20 سیاسی جماعتوں کے علاوہ 165 آزاد امیدوار بھی انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔ جن کی سیاسی قسمت کا فیصلہ ملک کے 5 کروڑ 37 لاکھ 65 ہزار سے زائد رائے دہندگان کریں گے۔ ملک بھر میں ووٹنگ کا عمل مقامی وقت کے مطابق صبح 8 بجے شروع ہوا جو شام 5 بجے تک جاری رہے گا جس کے بعد الیکشن کمیشن کی اجازت سے نتائج کا اعلان کیا جا سکے گا۔
عالمی رائے عامہ کے مطابق صدر رجب طیب اردگان کی جماعت جسٹس اینڈ ڈیویلپمنٹ پارٹی 44 فیصد ووٹ حاصل کرکے مسلسل چوتھی مرتبہ حکومت بنانے میں کامیاب ہوجائےگی تاہم آئین میں ترامیم کے لئے اسے کم از کم 330 نشستیں درکار ہیں تاکہ نئی حکومت کو موجودہ صدر کو زیادہ سے زیادہ اختیارات تفویض کرنے کے لئےعوامی ریفرنڈم کا حق مل سکے۔
ملک کے آئین کے تحت پارلیمنٹ میں نمائندگی کے لیے ہر جماعت کو پورے ملک میں ڈالے گئے ووٹوں کا کم از کم 10 فیصد حاصل کرنا لازمی ہے ورنہ اُن کی حاصل کردہ نشستیں دوسری بڑی جماعتوں میں تقسیم کردی جاتی ہیں۔ اس سلسلے میں تمام تر توجہ کا محور ملک میں پہلی مرتبہ پارلیمانی انتخابات میں حصہ لینے والی جماعت ’پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (ایچ ڈی پی) بنی ہوئی ہے اگر اس نے 10 فیصد سے زائد ووٹ ھاصل کرلئے تو رجب طیب اردگان اور ان کی جماعت کو اپنے سیاسی مقاصد کے حصول میں دشواری کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے