امارات (جیوڈیسک) متحدہ عرب امارات نے ترکی میں حالیہ فوجی بغاوت کی ناکامی کے بعد کہا ہے کہ ’یو اے ای‘ ترکی میں امن و استحکام کا خواہاں ہے۔
اماراتی وزیر خارجہ الشیخ عبداللہ بن زید آل نھیان نے اپنے ترک ہم منصب مولود جاویش اوگلو سے ٹیلیفون پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ جمہوریہ ترکی میں کشیدگی کسی کے مفاد میں نہیں۔ ہم ترکی میں دیر پا امن اور سیاسی استحکام کے خواہاں ہیں۔
اماراتی وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ ان کا ملک ترکی میں حالیہ پیش رفت کو تشویش کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور انقرہ کے امن واستحکام کا خواہش مند ہے۔
انہوں نے ترکی میں آئینی حکومت کا زمام کار دوبارہ ہاتھ میں لینے اور عوامی امنگوں کے مطابق ملکی نظم ونسق چلانے کا خیرمقدم کیا۔