تہران (جیوڈیسک) ترکی کا شارجہ سے استنبول جانے والا نجی طیارہ ایران میں گر کر تباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں 11 افراد جاں بحق ہو گئے۔
گزشتہ روز ترکی کا شارجہ سے استنبول جانے والا ایک طیارہ ایران کی حدود میں گر کر تباہ ہوگیا ہے۔ ایران کے سرکاری ٹیلی ویژن کے مطابق شارجہ سے استنبول جانے والی پرواز کو ایران کے جنوب مغربی علاقے میں حادثہ پیش آیا۔
حادثے کا شکار ہونے والا طیارہ ترکی کا نجی جہاز تھا جو شارجہ سے استنبول جارہا تھا، حادثے میں 11 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ حادثے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہے۔
ایرانی ریاستی ٹیلی ویژن نے ملک کی ہنگامی انتظامی تنظیم کے ترجمان مجتبیٰ خلدی کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ جہاز شاہراہ کرد میں پہاڑ سے ٹکرایا اور تباہ ہو گیا، شاہراہ کرد دارالحکومت تہران کے جنوب میں 370 کلومیٹر دور واقع ہے، حادثے کے بعد ریسکیو ٹیمیں جائے حادثہ کی طرف روانہ ہوگئیں۔
جائے حادثہ کے قریب واقع گاؤں والوں کا کہنا ہے کہ تباہ ہونے سے پہلے انھوں نے جہاز کے انجن میں آگ کے شعلے دیکھے۔