ترکی مغربی بلقانی خطے میں استحکام و امن کے تحفظ کی ضمانت ہے، سرب صدر

President Erdogan

President Erdogan

استنبول (اصل میڈیا ڈیسک) سرب صدر الیگزنڈر ووجچ کا کہنا ہے کہ ترکی کے ساتھ دوستانہ تعلقات نے مغربی بلقانی علاقے میں امن و استحکام کے تحفظ میں اضافی ضمانت فراہم کی ہے۔

سربیا کے صدر الیگزینڈر ووجچ نے استنبول کے وحدیتن مینشن میں صدر رجب طیب ایردوان سے ملاقات کے بعد سربیا کی سرکاری نیوز ایجنسی تنجوگ کو ایک بیان دیا۔

تقریباً دو گھنٹے تک جاری رہنے والی میٹنگ کافی نتیجہ خیز رہنے کا ذکر کرنے والے ووجچ نے کہا ترکی کے ساتھ دوستانہ تعلقات مغربی بلقان میں امن اور استحکام کو برقرار رکھنے کے لیے اضافی یقین دہانی فراہم کرتے ہیں۔

ووجچ نے کہا کہ ایردوان سال کے آخر تک سربیا کا دورہ کریں گے،”ہم نے سربیا میں معیشت اور ترک سرمایہ کاری اورعلاقائی اور دوطرفہ تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا ہے۔ ترکی خطے میں ایک بڑی طاقت ہے۔”

انہوں نے دونوں ممالک کی سرحدوں کو آسان اور کم سے کم دستاویزات کے ساتھ عبور کرنے پر بھی غور کیے جانے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ، کہ “یہ عمل ہمارے دوستانہ تعلقات کو مزید آگے لیجائے گا۔ ہماری غیر ملکی تجارت کا حجم گزشتہ سال 1.3 بلین یورو ریکارڈ کیا گیا تھا اب ہمارا ہدف بہت کم وقت میں اسے 2 ارب یورو تک پہنچانا ہے۔”

صدر ایردوان کے بلغراد۔ پرشٹینا ڈائیلاگ سلسلے کی حمایت کرنے کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ”صدر ایردوان بھی سمجھوتے کے حل کے حق میں ہیں۔ ان کے ساتھ میری ملاقاتیں ہمیشہ بہت نتیجہ خیز رہی ہیں اور آج کی ملاقات سے بھی میں بہت مطمئن ہوں۔”