شام (جیوڈیسک) ترکی نے شام میں کرد باغیوں کے زیر قبضہ ائیر بیس پر بمباری کی ہے۔ ترکی نے کرد باغیوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرد جنگجو علاقہ چھوڑ دے ورنہ مزید کارروائی کی جائے گی ۔ دوسری طرف سعودی عرب نے شام میں داعش کے خلاف اپنے جنگی جہاز بھیجنے کی تصدیق کی ہے۔
ترکی کی فضائیہ نے شام میں کرد باغیوں کے زیر کنٹرول منغ ائیر بیس کو نشانہ بنایا ہے۔ ترک وزیر اعظم احمد داؤد اوغلو نے متنبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر کرد ملیشیا فضائی اڈے سے نہیں نکلی تو ترکی مزید کارروائی کرے گا۔
منغ ائیر بیس کرد ملیشیا نے شامی باغیوں کو شکست دے کر قبضہ کیا تھا۔ ادھر سعودی عرب نے شام میں داعش کے خلاف کارروائیوں کے لیے اپنی جنگی طیاروں اور فضائیہ کے جوان بھیجنے کی تصدیق کی ہے۔
بریگیڈئیر جنرل احمد ال اسیری کے مطابق یہ تعیناتی داعش کے خلاف کارروائیاں بڑھانے کے لیے کی گئی ہے تاہم شام میں زمینی فوج نہیں بھیجی گئی ہے۔