کراچی (جیوڈیسک) ترکی میں پاکستانی ٹیکسٹائل مصنوعات پر عائد ڈیوٹی میں اضافے سے برآمدات میں کمی، ایف پی سی سی آئی نے ترکی سے آزاد تجارتی معاہدے سے قبل تمام مسائل حل کرنے کا مطالبہ کردیا۔
ترکی نے پاکستانی کپڑے پر ڈیوٹی میں اضافہ کر دیا ہے جس سے برآمدات میں 60 کروڑ ڈالر سے زائد کی کمی واقع ہوئی ہے۔ فیڈرل چیمبر آف کامرس کے جاری اعلامیہ کے مطابق ترکی نے پاکستانی ٹیکسٹائل مصنوعات پر ڈیوٹی کی شرح 6 اعشاریہ 4 فیصد سے بڑھا کر 18 فیصد سے 26 اعشاریہ 4 فیصد تک کر دی ہے، جس کے باعث برآمدات جو سال 2011 میں 90 کروڑ 6 لاکھ ڈالر تھیں۔ 2017 میں گھٹ کر 28 کروڑ ڈالر تک محدود ہو گئی ہیں۔
صدر ایف پی سی سی آئی نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ترکی سے آزاد تجارتی معاہدے میں ان تمام مسائل کو شامل کرے اور خاص طور پر ٹیکسائل مصنوعات کی برآمدات میں اضافے کے لیے ڈیوٹی میں کمی کا مطالبہ کرے۔ اس کے علاوہ یورپ کے دیگر ممالک کی طرح ترکی پاکستان کو جی ایس پی پلس کا درجہ دے۔