کراچی : جامعہ بنوریہ عالمیہ کے رئیس وشیخ الحدیث مفتی محمدنے ترکی میں بغاوت کو کچلنے پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ترکی عوام کا آمریت کے سامنے آہنی دیوار بن کر کھڑا ہونا مسلم ممالک کی عوام کیلئے قابل تقلید ہے ، مارشل لاء اور آمروں نے مسلم ممالک کو سب سے زیادہ نقصان پہنچایا ہے ،ترک عوام نے ثابت کردیاکہ ترکی اسلامی ایجنڈے کے سواء کوئی ایجنڈا کامیاب نہیں ہوسکتا۔
بغاوت کیخلا ف عوام نے اٹھ کھڑے ہوکر مصطفی کمال اتاترک کے ترکی کو دفن کردیاہے۔ ہفتہ کو جامعہ بنوریہ عالمیہ سے جاری بیان میں مفتی محمدنعیم نے کہاکہ ترکی بغاوت کے پیچھے وہی عناصر ہیں جو عالم اسلام کیخلاف سرگرم عمل ہیں ایک طرف یہ سازشی عناصر مسلمانوں کے مرکز حرمین شریفین کیخلاف سازشوں میں مصروف ہیں تو دوسری جانب اسرائیل سے گٹھ جوڑ کرکے ترکی میں اسلام پسند حکومت کیلئے خطرہ بن رہے ہیں ، انہوں نے کہاکہ گولن کے حامیوں کو اب سمجھ آجانی چاہیے کہ اردگان پر ترک عوام جان جھڑکتی ہے ، انہوں نے کہاکہ اگر قیادت مخلص ہوتو قوم ہر قسم کے خطرات کا سامنا کرنے کو تیار ہوجاتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ ہمارے ہاں جب بھی کسی حکمران ملک میں کوئی خطرہ نظر آتاہے وہ بیماری کا بہانہ بناکر یا ملک سے فرار ہوجاتاہے یا پھر ملک لوٹ کر نہیں آتا مگر رجب طیب اردگان ملک پر فوج کے کنٹرول کے باوجود باہر سے استبول آئے مشکل کی کھڑی میں عوام کا ساتھ نہ چھوڑا، انہوں نے کہاکہ امت مسلمہ کو طیب اردگان جیسے باہمت باصلاحیت نڈر اور بہادر حکمرانوں کی ضرورت ہے جو ہر محاذ میں اپنی قوم کے شانہ بشانہ مشکلات کا مقابلہ کریں ،انہوں نے کہاکہ مسلم ممالک میں سیکولرزم فیل ہوچکاہے ، ترک حکومت نے بغاوت کو کچل کر مثال قائم کردی ہے۔