اسلام آباد (جیوڈیسک) ترکی کے وزیر اعظم احمد داود اوگلو دورہ پاکستان پر اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔ اس دورے میں ترکی اور پاکستان کے درمیان تیل اور گیس کی تلاش اور پیداوار کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کیلیے مفاہمتی یاد داشتوں پردستخط کیے جائیں گے۔ وزارت پیٹرولیم کے مطابق اسلام آباد میں وزیراعظم نواز شریف اورترک وزیراعظم کی موجودگی میں او جی ڈی سی ایل اور ٹرکش پیٹرولیم کارپوریشن کے درمیان ایم او یو پر دستخط ہوں گے۔
اس موقع پرٹرکش پیٹرولیم کارپوریشن اور پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ کے درمیان بھی تیل اور گیس کی تلاش اور پیداوار میں تعاون کے ایم او یو پر دستخط ہوں گے۔ حکام کے مطابق دونوں ممالک کی کمپنیاں ایک دوسرے کے ملکوں میں تیل اور گیس کی تلاش اور پیداوار کے منصوبوں کے علاوہ مشترکہ منصوبہ بھی شروع کر سکیں گی۔