انقرہ (جیوڈیسک) ترک صدر نے وزیر اعظم پاکستان کو تمغہ جمہوریت سے نواز دیا۔ نواز شریف کہتے ہیں پاک ترک تعلقات نئی بلندیوں کی جانب گامزن ہیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا تمغہ جمہوریت ملنا میرے اعزاز کی بات ہے اور اس کے لئے ترک صدر عبداللہ گل کا شکر گزار ہوں۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان کے ترکی کے ساتھ برادرانہ تعلقات ہیں اور ان تعلقات کو مزید مضبوط کیا جائے گا۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا دہشت گردی کے خاتمے کے لئے ترکی سے رہنمائی حاصل کریں گے۔ واضح رہے وزیراعظم نواز شریف اپنے تین روزہ دورے پر ترکی میں موجود ہیں۔
اپنے دورے کے دوران انقرہ میں ایک ٹی وی انٹرویو میں وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ وہ وسیع اقتصادی ایجنڈے کیساتھ ترکی آئے ہیں۔ پاکستان کو ترکی اور ترکی کو پاکستان کی دوستی پر فخر ہے۔ ترکی کیساتھ قریبی تعلقات ہمیشہ ترجیح رہے ہیں۔ نواز شریف نے کہا کہ مستحکم افغانستان، پاکستان اور خطے کے مفاد میں ہے۔ افغانستان میں کسی گروپ کے حامی نہیں ہیں۔ وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان بھارت سمیت تمام پڑوسیوں کیساتھ اچھے تعلقات کا خواہاں ہے۔