اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے جمہوریہ ترکی کے قیام کی 95 ویں سالگرہ کے موقع پر خصوصی تہنیتی پیغام جاری کیا ہے۔
اپنے پیغام میں عمران خان نے کہا ہے کہ میں، پاکستان کے عوام، حکومت اور خود اپنی طرف سے جمہوریہ ترکی کے قیام کی 95 ویں سالگرہ کے موقع پر ترکی کے عوام اور حکومت کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا ہے کہ جمہوریہ ترکی امپیریلزم اور استبدادیت کے سامنے گردن خم نہ کرنے والی ملت کی قائم کردہ حکومت ہے۔ اُس دور میں ترک عوام نے جس جرات و دلیری کا مظاہرہ کیا اس کی بازگشت آج بھی آزادی کے پرستار انسانوں کے درمیان جاری ہے۔
جنگ نجات کے موقع پر برصغیر پاک و ہند کے مسلمانوں کے تعاون کا بھی ذکر کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ اس قومی جدوجہد میں ہمارے اباو اجداد کا اپنے ترک بھائیوں کے شانہ بشانہ ہونا ہمارے لئے باعثِ فخر ہے۔ ہم بھی ہر مشکل میں اپنے ترک بھائیوں کو اپنے شانہ بشانہ دیکھتے ہیں اور اس تعاون اور دوستی کی بنیاد ہماری مشترکہ ثقافت، ایمان اور تاریخ ہے۔
عمران خان نے کہا ہے کہ ترکی کی زیرک قیادت کے ساتھ ملک نے مختلف شعبوں میں ترقی کی ہے اور حالیہ دنوں میں ترکی کا بین الاقوامی سطح پر ذمہ داریاں نبھا نا پاکستان کے لئے باعث مسرت ہے۔
وزیر عمران خان نے اپنے پیغام کا اختتام ترکی زندہ باد پاک۔ترک دوستی پائندہ باد کے الفاظ پر کیا ہے۔