استنبول (جیوڈیسک) ترکی کے وزیراعظم رجب طیب اردوان وطن واپس پہنچ گئے۔ انھوں نے حکومت مخالف مظاہرے فوری ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مظاہرین پر پولیس تشدد کی تفتیش جاری ہے۔ ترک وزیراعظم رجب طیب اردوان غیر ملکی دورے کے بعد وطن واپس پہنچے تو استنبول ایئرپورٹ پر ہزاروں حامیوں نے ان کا پرجوش استقبال کیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ترک وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ان کی جماعت اپنے موقف پر ثابت قدم رہی مگر وہ ہٹ دھرم نہیں۔ انھوں نے مخالفین سے ایک ہفتے سے جاری مظاہرے ختم کرنے کا مطالبہ کیا اور عوام سے اپیل کی کہ وہ شرپسند عناصر سے دور رہیں جو ملک کو غیر مستحکم کرنا چاہتے ہیں۔ ادھر استنبول سمیت ترکی بھر میں حکومت مخالف مظاہرے جاری ہیں۔ مظاہرین رجب طیب اردوان سے استعفے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔