کچھی مہاجرین کی امداد کیلئے ہنگامی اقدامات کئے جائیں، الطاف حسین

Altaf Hussain

Altaf Hussain

لندن (جیوڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے پاکستان کے عوام سے بالعموم اور سندھ کے عوام سے بالخصوص اللہ ، رسول صلی اللہ علیہ وسلم اور رمضان کے مقدس مہینے کے صدقے اپیل کی ہے کہ کراچی میں دہشت گردوں کے مسلسل حملوں کی وجہ سے بدین، ٹھٹھہ، ملیر، بلدیہ ٹان سندھ کے دیگر علاقوں میں عارضی نقل مکانی کرنیوالے کچھی برادری کے متاثرین کی ہرممکن امداد کریں۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ کچھی برادری کے بے سہارا خاندانوں کی حکومت سندھ اور اس کے متعلقہ محکمہ جاتی ادارے ایک پائی کی مدد کرنے حتی کے ایک بوند پانی فراہم کرنے سے بھی غافل ہیں اور ان بے خانماں برباد کچھی مہاجرین کی بے بسی پر ان کی مدد نہ کرنے کا عمل کرنے کے بجائے خوش ہوکر دہشت گردوں کو اپنی مکمل حمایت کا یقین دلا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے مسلسل حملوں کی وجہ سے کراچی سے کچھی برادری اپنے بسے بسائے گھر مختلف مقامات پر رہائش اختیار کئے ہوئے ہیں جبکہ ان سے بہت سے خاندان معصوم بچے اور بچیوں کے ساتھ مختلف مقامات پر کھلے آسمان تلے رہنے پر مجبور ہیں۔ الطاف حسین نے وزیراعظم پاکستان نواز شریف سے مطالبہ کیا کہ کچھی برادری کے بے سہارا اور فاقہ زدہ خاندانوں کی امداد کیلئے فی الفور ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کریں۔

متاثرین کیلئے حتی المقدور کوشش کرکے غذائی اجناس سمیت دیگر ضروریات زندگی کے سامان کی فراہمی کے عمل کو جلد سے جلد یقینی بنائیں اور ثواب دریں حاصل کریں۔ الطاف حسین نے ایک مرتبہ پھر مخیر حضرات، تاجروں اور اہل محلہ سے اپیل کی کہ جن جن علاقوں میں کچھی مہاجر ین اپنے گھروں کو چھوڑ کر کس مپرسی کی زندگی گزار کر نقل مکانی پر مجبور ہوئے ان کی دیکھ بھال، علاج و معالجہ اور خوراک کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔

دریں اثنا الطاف حسین نے چکوال میں موٹروے پرسالٹ رینج کے علاقے میں بس کھائی میں گرنے کے باعث خواتین اور بچوں سمیت متعدد مسافروں کے جاں بحق اور زخمی ہونے پردلی افسوس کا اظہار کیا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ قومی شاہراہوں پرحادثات کی روک تھام اور مسافروں کے جاں ومال کے تحفظ کیلئے مثبت اقدامات کیے جائیں۔

انھوں نے جاں بحق ہونیوالے تمام افراد کے سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت و ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں صبرکی تلقین کی اور دعا کی کہ اللہ تعالی مرحومین کی مغفرت فرمائے، انہیں اپنی جوار رحمت میں اعلی مقام عطا فرمائے اور سوگواران کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ جناب الطاف حسین نے تمام زخمیوں کی جلد و مکمل صحت یابی کیلئے دعا کی۔