ٹی وی پروگرام دیکھ کر بھتہ خور بنا، ملزم کا انکشاف

Extortion

Extortion

کراچی (جیوڈیسک) اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ کی پولیس پارٹی نے کورنگی سے بھتہ خوری کی سیکڑوں وارداتوں میں ملوث انشورنس کمپنی کے سیلز کنسلٹنٹ کو گرفتار کر کے اسلحہ اور بھتے کی طلبی کے لیے استعمال کیا جانے والا موبائل فون اور سمیں برآمد کر لیں۔

ملزم نے انکشاف کیا ہے کہ اس نے بھتہ خوری کا سلسلہ ٹی وی پروگرام دیکھ کر شروع کیا ہے، تفصیلات کے مطابق اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ کی پولیس پارٹی نے کورنگی سے مبینہ بھتہ خوری کی سیکڑوں وارداتوں میں ملوث ملزم سہیل احمد عرف زبیری کو گرفتار کر لیا، ایس آئی یو کے اعلامیے کے مطابق گرفتار ملزم ای ایف یو انشورنس کمپنی میں بطور سیلز کنسلٹنٹ ملازم ہے۔

اس کے پاس ای ایف یو کمپنی میں ملازمت کی وجہ سے لوگوں کا ڈیٹا موجود تھا ، ملزم کو بھتہ خوری سے متعلق معلومات و تحریک ایک نجی ٹی وی شو میں بھتہ خوری سے متعلق پروگرام دیکھنے سے ملی جس کے بعد ملزم نے اپنے پاس موجود ڈیٹا کی مدد سے لوگوں بھتہ وصولی شروع کر دی،ایس آئی یو میں ملزم کے خلاف بھتہ خوری کی 19 درخواستیں اور 3 مقدمات درج ہیں۔

اعلامیے کے مطابق ملزم اپنے پاس موجود معلومات کی روشنی میں پوسٹ آفس کے ذریعے بھتہ طلبی کیلیے خط بھیجا کرتا تھا ، موبائل فون اور ایس ایم ایس کے ذریعے رابطہ کرتا تھا ، معاملہ طے ہوجانے پر ایزی پیسہ کے ذریعہ رقم منگواتا تھا۔

ایزی پیسے سے رقم کی منتقلی کے لیے ملزم ای ایف یو لائف انشورنس کمپنی میں ملازمت کے لیے درخواستیں جمع کرانے والوں کے شناختی کارڈ کا استعمال کیا کرتا تھا ،ملزم نے زیادہ تر بینکرز ، تاجروں، کمپنی مالکان اور اسکول مالکان کو بھتے کے خط بھیجے،ان سے بھتہ وصول بھی کیا ، گرفتاری کے وقت ملزم کے قبضے سے بھتہ طلبی کی غرض سے بھیجے جانے والے لیٹرز اور بھتہ طلبی کے لیے استعمال کیا جانے والا موبائل فون ، سم اور پستول برآمد ہوئی، گرفتار ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے۔