کراچی (جیوڈیسک) مصباح الحق کی ون ڈے کپتانی پر چھائے غیریقینی کے بادل چھٹنے لگے، ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی بغیر کسی وجہ کہ انھیں قیادت سے ہٹانے کے حق میں نہیں، آئندہ برس ورلڈ کپ میں بھی ان کے ہی کپتان برقرار رہنے کا امکان ہے۔
ٹوئنٹی 20 کپتانی کے لئے شاہد آفریدی کے ساتھ عمر اکمل اور احمد شہزاد کا بھی نام زیر غور ہے۔ تفصیلات کے مطابق ورلڈ ٹوئنٹی 20 میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی مایوس کن کارکردگی کے بعد محمد حفیظ نے جب کپتانی سے استعفیٰ دیا تو مختلف حلقوں کی جانب سے مصباح الحق کو بھی قیادت سے ہٹانے کا مطالبہ سامنے آنے لگا۔
مختلف مواقع پر چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی پہلے ہی مصباح کو ورلڈ کپ 2015 تک کپتان برقرار رکھنے کا عندیہ دے چکے اور اب بھی وہ ان کو بغیر کسی وجہ سے ہٹانے کے حق میں نہیں ہے۔
ایک غیرملکی خبررساں ادارے نے ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ مصباح الحق کی قیادت میں ٹیسٹ اور ون ڈے دونوں ہی ٹیمیں بہتر پرفارم کررہی ہیں جبکہ ان کی اپنی پرفارمنس مثالی ہے۔