اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر اعظم نواز شریف کے ساتھ ایک گروپ فوٹو کا نادر موقع کیش کرنے کے لیے ایسا لگتا تھا کہ پوری وزارت پٹرولیم و قدرتی وسائل ہاتھوں میں بیس کروڑ کا چیک لیے وزیر اعظم ہاؤس آن پہنچی۔
وفاقی وزیر شاہد خاقان عباسی نے جمعہ کو وزیر اعظم کے فنڈ برائے آئی ڈی پیز کے لیے نواز شریف کو یہ چیک دیا۔ اس موقع پر ایک روایتی گروپ فوٹو بھی لیا گیا جس میں جونیئر وزیر جام کمال خان، سیکریٹری عابد سعید اور خصوصی مشیر زاہد مظفر اور لاہور سے ایک وزارتی افسر نظر آئے۔
اس کے بعد وزیر اعظم ہاؤس سے ایک سرکاری اعلامیہ اور ہنستے مسکراتے شرکاء کا گروپ فوٹو جاری کیا گیا۔ جب وزارت کے میڈیا ونگ میں کام کرنے والے ایک افسر سے پوچھا گیا کہ اتنی بڑی رقم کا چیک کہاں سے آیا تو انہوں نے جلد ہی جواب کے ساتھ رابطہ کرنے کا وعدہ کیا۔
تاہم بعد میں انہوں نے مطلوبہ معلومات حاصل کرنے میں ناکامی ظاہر کر دی۔ اس حوالے سے پیٹرولیم سیکریٹری عابد سعید سے رابطہ نہ ہو سکا۔ اہم عہدوں پر خدمات سر انجام دینے والے اور حال ہی میں سبکدوش ہونے والے ایک وفاقی سیکریٹری نے بتایا کہ وزارت پیٹرولیم ایک امیر وزارت ہے جس کے ساتھ کئی محکمے بھی جڑے ہوئے ہیں۔
‘ان کے لیے بیس کروڑ کا عطیہ دینا کوئی بڑا مسئلہ نہیں’۔ یہ بظاہر ایک سرکاری اکاؤنٹ سے دوسرے اکاؤنٹ میں رقم کی منتقلی کا سادہ سا معاملہ دکھائی دیتا ہے۔