جڑواں شہروں میں بارش ، لاہور میں آئندہ چوبیس گھنٹوں میں بارش کا امکان

Rain

Rain

لاہور (جیوڈیسک) موسم کی انگڑائی نے ایک بار پھر گرمی کو مات دیدی ، راولپنڈی،اسلام آباد میں برستے بادلوں نے رت ہی بدل دی لاہور میں سورج نے منہ چھپایا تو پارہ بھی گر گیا۔

موسم کا حال بتانے والوں نے آج پھر بادل برسنے کی خوشخبری سنائی ہے۔ رات گئے جڑواں شہروں میں کالی گھٹاؤں نے گرمی پر خوب غصہ نکالا آسمان سے پانی برسا تو گرمی کا پارہ بھی گر گیا۔

مینہہ میں نہا کر نظارے بھی نکھر گئے، درجہ حرارت کم ہونے پر روزہ داروں نے بھی سکھ کا سانس لیا،۔لاہور میں بدھ کی شام کچھ علاقوں میں بارش کے ساتھ ساتھ ژالہ باری بھی ہوئی ، جمعرات کی صبح بھی سرمئی گھٹاؤں نے سورج کو چھپا لیا۔

بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب سرگودھا اور گوجرانوالہ میں بھی خوب رم جھم ہوئی ، موسم کا حال بتانے والوں نے اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران بالائی پنجاب،اسلام آباد، مالاکنڈ، پشاور، کوہاٹ ، حیدر آباد، میر پور خاص اور بنوں میں بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ عید کے دنوں میں بھی موسم خوشگوار رہنے کی خوشخبری سنائی گئی ہے۔