ممبئی (اصل میڈیا ڈیسک) سوشل میڈیا پر بائیکاٹ کرینہ کپور خان ٹرینڈ چل رہا ہے اور بہت سے بھارتی کرینہ کپورسے خفا نظر آ رہے ہیں۔
مائیکرو بلاگنگ سائٹ اورسوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹوئٹر پر بائیکاٹ کرینہ کپور خان ہیش ٹیگ ٹرینڈ کررہا ہے اور لوگ اداکارہ پرہندوؤں کے مذہبی دیوتا رام کی بیوی سیتا پر بنائی جانے والی فلم میں ’’سیتا‘‘ کے مرکزی کردار کے لیے 12 کروڑ کی خطیر رقم کا مطالبہ کرنے پر شدید تنقید کررہے ہیں۔
یاد رہے کہ کرینہ کپور ایک فلم کا معاوضہ 6 سے 8 کروڑروپے لیتی ہیں لیکن اس فلم کے لیے انہوں نے 12 کروڑروپے کا مطالبہ کیا تھا۔ لہذا لوگوں کا خیال ہے کہ کرینہ کپور نے اتنازیادہ معاوضہ کا مطالبہ کرکے ان کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچائی ہے۔
جب کہ کچھ لوگ تو اداکارہ پر ذاتی حملے بھی کررہے ہیں اوران کا کہنا ہے کہ فلم میں سیتا کے کردار کے لیے کرینہ کپور کا نام لیا جارہا ہے جب کہ کرینہ کپورنے ایک ایسے شخص سے شادی کی جو حقیقی زندگی میں ایک الگ عقیدے سے تعلق رکھتا ہے۔
یہ بات سب کو معلوم ہے کہ کرینہ کپور نے بالی ووڈ اداکار اور ’’پٹودی کے نواب‘‘ سیف علی خان کے ساتھ شادی کی ہے جس سے ان کے دوبیٹے ہیں۔ سوشل میڈیا پر بہت سے بھارتی ’’سیتا‘‘ کے کردار کے لیے کرینہ کپور کا انتخاب کرنے پر مایوسی کا اظہار کررہے ہیں اور ٹوئٹر پر بائیکاٹ کرینہ کپور خان، اس کے علاوہ فلم کے پروڈیوسر اور ڈائریکٹر کے بائیکاٹ کا بھی مطالبہ کیا جارہا ہے۔
واضح رہے کہ ہندوؤں کے مذہبی دیوتا رام کی بیوی سیتا پر بننے والی فلم کے مصنف کے وی وجیندرا ہیں جنہوں نے ابتدا میں اس بات کی وضاحت کردی تھی کہ کرینہ کپور کو اس کردار کے لیے فائنل نہیں کیا گیا ہے لیکن ان کا یہ بیان بھی بہت سے بھارتیوں کا غصہ ٹھنڈا نہیں کرسکا ہے۔ یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ ’’سیتا‘‘ کے کردار کے لیے اداکارہ دپیکا پڈوکون کا نام بھی زیرغور ہے۔
فلم میں اداکار مہیش بابو ’’رام‘‘ کا کردار اداکرتے نظر آئیں گے جب کہ اداکار ہرتھیک روشن راون کے کردار میں نظر آسکتے ہیں۔ یہ فلم 3 ڈی میں شوٹ کی جائے گی اور اسے ہندی، تامل اور تیلگو زبانوں میں ریلیز کیا جائے گا۔