ریاض (جیوڈیسک) سعودی عرب کے مفتی اعظم شیخ عبدالعزیز آل الشیخ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر کو جھوٹ اور معاشرے کی تمام برائیوں کی جڑ قرار دیا ہے۔
سعودی مفتی اعظم نے ایک ٹی وی شو کے دوران بات کرتے ہوئے کہا کہ اگر ٹویٹر کو درست طور پر استعمال کیا جائے تو اس سے حقیقی فائدہ مل سکتا ہے لیکن بدقسمتی سے اس کو غیر ضروری اور فضول امور کے لیے استعمال کیا جارہا ہے جس کے باعث وہ اب تمام برائیوں اور تباہی کی جڑ بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کی بڑی تعداد اسے معلومات کا قابل اعتماد ذریعہ سمجھتی ہے لیکن درحقیقت اب یہ جھوٹ اور غلط بیانی کا ذریعہ بن گیا ہے۔
واضح رہے کہ سعودی مرد وخواتین کی بڑی تعداد اپنے اسمارٹ فونز پر ٹویٹر کا استعمال کرتی ہے، اس طرح یہ ان کے آزادی اظہار کا ایک اہم ذریعہ ہے تاہم سعودی عرب میں ٹویٹر یا سماجی روابط کی دوسری ویب سائٹس پر نامحرم مرد وخواتین کے درمیان روابط کو معیوب سمجھا جاتا ہے اور علمائے کرام اس کی مسلسل حوصلہ شکنی کرتے رہتے ہیں۔