ٹوئٹر نے میوزک سروس شروع کر دی

Twitter - key

Twitter – key

سماجی ویب سائٹ ٹوئٹر نے نئی میوزک سروس شروع کی ہے جو صارفین کو ان کے دوستوں کی سفارشات کی بنیاد پر موسیقی تجویز کرے گی۔

یہ نغمے سپوٹیفائی، اور آئی ٹیونز میں براہِ راست سنے جا سکیں گے۔

یہ سافٹ ویئر وہ نغمے دکھاتا ہے جو آپ کے دوست اس وقت سن رہے ہیں۔ اس کے علاوہ اس میں فن کاروں کی طرف سے نغموں کے مشورے بھی شامل ہوں گے۔

اس سے پہلے فیس بک کی طرح دوسری سماجی ویب سائٹیں موسیقی کی تجاویز کو اپنے سافٹ ویئر کا حصہ بنانے کا تجربہ کر چکی ہیں۔

گذشتہ برس سپاٹیفائی نے ’فالو‘ سسٹم شروع کیا تھا، لیکن یہ خصوصیت ابھی تک سپاٹیفائی کے موبائل ورژن تک نہیں پہنچ پائی۔

ٹوئٹر کی اس ایپ کو Music# کا نام دیا گیا ہے۔ توقع ہے کہ اسے جلد ہی ایپل کے آئی فون کے لیے لانچ کر دیا جائے گا۔ فی الحال اینڈروئڈ اور ونڈوز فون کے لیے ایپ دستیاب نہیں ہے، البتہ یہ سہولت ویب براؤزر پر فراہم کی جائے گی۔

ابتدا میں امریکہ، برطانیہ، آئرلینڈ، کینیڈا، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے صارفین اس سروس سے استفادہ کر سکیں گے، تاہم بعد میں مزید ملکوں کا اضافہ کیا جائے گا۔

اپنے بلاگ میں ٹوئٹر کے سٹیون فلپس نے تفصیل بیان کرتے ہوئے کہا، ’یہ ایپ ٹوئٹر کی ٹویٹس اور دوسری سرگرمیوں کو استعمال کرتی ہے، اور اس کی مدد سے مقبول نغمے اور ابھرتے ہوئے فن کار منظرِعام پر آ سکتے ہیں۔

’اس سے فن کاروں کی ٹوئٹر پر سرگرمیاں بھی منظرِعام پر آ جائیں گی۔ آپ ان کے پروفائل پر جا کر دیکھ سکتے ہیں کہ وہ کس کو فالو کر رہے ہیں اور کون سے نغمے سن رہے ہیں۔‘

انھوں نے مزید کہا کہ ٹوئٹر کے نصف صارف کم از کم ایک موسیقار کو فالو کرتے ہیں۔

’یہی وجہ ہے کہ فن کار اپنے پرستاروں سے رابطہ کرنے کے لیے ٹوئٹر استعمال کرتے ہیں۔ اسی لیے ہم ایک ایسا طریقہ دریافت کرنا چاہتے تھے جس سے وہ نغمے سامنے آ سکیں لوگ جن کے بارے میں ٹویٹ کر رہے ہیں۔‘

ایپ کو نشر کرنے سے پہلے ٹوئٹر نے کئی موسیقاروں کو اس تک رسائی دے دی ہے۔ ان میں موبی بھی شامل ہیں، جن کا کہنا ہے کہ یہ ’موسیقی کا بہت دلچسپ وسیلہ ہے۔‘