کورونا کے خلاف جنگ میں اپنا حصہ ڈالتے ہوئے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر کے شریک بانی اور چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) جیک ڈورسی نے ایک ارب ڈالر کی امداد کا اعلان کر دیا۔
عالمگیر وبا کورونا کو شکست دینے کے لیے سیاسی، سماجی، شوبز ، اسپورٹس اور دیگر نامور شخصیات طبی آلات، فنڈز ، راشن مہم وغیرہ کے ذریعے پیش پیش ہیں۔
ایسے میں ٹوئٹر کے سی ای او نے بھی کوروناسے متعلق امدادی سرگرمیوں کے لیے ایک ارب ڈالردینے کا اعلان کیا ہے۔
جیک ڈورسی کا کہنا ہے کہ ریلیف میں دی گئی یہ رقم میری کل ذاتی دولت کا 28 فیصد ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس وبا پر قابو پانے کے بعد بچیوں کی صحت اور تعلیم پر توجہ مرکوز ہوگی۔
واضح رہے کہ کورونا وائرس سے ٹوئٹر ملازمین بھی متاثر ہیں جنہیں قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔
اس کے علاوہ ٹوئٹر نے کورونا وائرس کے خوف کے باعث پوری دنیا میں موجود اپنے دفاتر کو بند رکھا ہوا ہے اور تمام ملازمین کو گھر سے کام کرنے کا حکم دیا ہوا ہے۔
خیال رہے کہ مہلک کورونا وائرس دنیا کے 209ممالک کو اپنی لپیٹ میں لے چکا ہے جہاں اب تک 14لاکھ31ہزار 700 سے زائدافراد متاثر اور 80 ہزار سے زائد ہلاک ہو چکے ہیں۔