ٹوئٹر پر دو دلچسپ فیچرز کی آزمائش

Twitter

Twitter

امریکا : سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر اپنے اینڈرائیڈ اور آئی اوایس صارفین کے لیے دو نئے فیچرز کی آزمائش کر رہی ہے جس کے تحت صارفین اپنے ٹوئٹر ٹائم لائن پر اب آدھی کے بجائے مکمل تصویر دیکھ سکیں گے جب کہ دوسرا فیچر 4k امیج بھی سپورٹ کر سکے گا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹر سپورٹ نامی ٹوئٹر ہینڈل کی جانب سے گزشتہ روز اعلان کیا گیا کہ ٹوئٹر اگلے چند ہفتوں کے دوران ان نئے فیچرز کی آزمائش کرنے جارہا ہے جس کے بعد ٹوئٹر ٹائم لائن پر تصویروں کا آدھے کے بجائے مکمل ویو نظر آئے گا۔

ٹوئٹر استعمال کرنے والے صارفین کو ابھی کسی بھی تصویر کا مکمل ویو دیکھنے کے لیے ٹوئٹ پر ٹیپ کرنا ہوتا ہے لیکن اس فیچر تک رسائی کے بعد صارفین ٹوئٹر ٹائم لائن پر تصویروں کا مکمل ویو دیکھ سکیں گے۔

ٹوئٹر کی جانب سے زیر غور دوسرے فیچر کے ذریعے صارفین ہائی کوالٹی کی تصاویر کو ٹوئٹر پر اپ لوڈ کرسکیں گے جب کہ یہ بھی کہاجارہا ہے کہ اس فیچر تک رسائی بھی اینڈرائیڈ اور آئی او ایس صارفین کے لیے ہی ہوگی۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ فیچر سیٹنگ مینو میں موجود ڈیٹا یوزیج میں فراہم کیا جائے گا یہاں صارف کو ’ہائی کوالٹی امیج ‘ کو منتخب کرنا ہو گا اور پھر موبائل ڈیٹا، وائی فائی یا صرف وائی فائی میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا ہو گا۔