واشنگٹن (جیوڈیسک) ٹوئیٹر نے پاکستانی حکام کی درخواست پر مبینہ طور پر توہین آمیز مواد ہونے کی وجہ سے بلاک کی جانے والی ٹوئیٹس اور ٹوئیٹر اکائونٹس کو دوبارہ بحال کر دیا ہے۔ پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی کے ایک اہلکار عبدالباطن نے مئی میں پانچ ایسی درخواستیں ٹوئیٹر کو بھیجیں جن میں مخصوص اکائونٹس، ٹوئیٹس اور سرچز کو روکنے کا کہا گیا تھا۔
ٹوئیٹر نے کہا ہے کہ انہوں نے درخواستوں کا مکمل جائزہ لیا اور پاکستانی حکام کی جانب سے مزید تفصیلات فراہم کرنے میں ناکامی پر روکے جانے والی ایسی ٹوئیٹس بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انٹرنیٹ پر سنسر شپ اور حقوق کے لئے جدوجہد کرنے والی تنظیم بولو بھی نے ٹوئیٹر کی جانب سے اس اقدام کا خیر مقدم کیا ہے۔