واشنگٹن (اصل میڈیا ڈیسک) سوشل میڈیا کمپنی ٹوئٹر نے واشنگٹن میں کیپیٹل ہل پر دھاوا بولے جانے کے نتیجے میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ذاتی اور ان کی ٹیم کے ٹوئٹر اکاؤنٹس پر مستقل طور پر پابندی لگا دی ہے۔ اس کی وجہ مزید اشتعال انگیزی کا خطرہ بتایا گیا ہے۔
واشنگٹن میں رواں ہفتے صدر ٹرمپ کے سینکڑوں مشتعل حامیوں نے امریکی کانگریس کی کیپیٹل ہل کہلانے والے عمارت پر اس وقت دھاوا بول دیا تھا، جب وہاں کانگریس کے دونوں ایوانوں کا مشترکہ اجلاس جاری تھا۔ اس اجلاس میں کانگریس کو ریبپلکن صدر ٹرمپ کے ڈیموکریٹ حریف امیدوار جو بائیڈن کی نومبر کے صدارتی الیکشن میں کامیابی کی منظوری دینا تھی۔ اس بدامنی میں چار افراد مارے گئے تھے جبکہ پولیس نے پچاس سے زائد مظاہرین کو گرفتار بھی کر لیا تھا۔
اس پس منظر میں ٹوئٹر انتظامیہ نے جمعہ آٹھ جنوری کی رات اعلان کیا کہ کیپیٹل ہل میں حالیہ پرتشدد واقعات کی وجہ سے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا ذاتی اکاؤنٹ (realDonaldTrump) اور ان کی ٹیم کا اکاؤنٹ (TeamTrump) دونوں مستقل طور پر معطل کیے جا رہے ہیں۔ اس سے قبل ٹوئٹر نے یہ دونوں اکاؤنٹ صرف عارضی طور پر معطل کیے تھے۔
پولیس کے مطابق پارلیمانی عمارت میں بدامنی کے دوران چار افراد مارے گئے۔ ان میں سے ایک شخص گولی لگنے سے ہلاک ہوا۔ باقی تین افراد کی موت کی وجہ میڈیکل ایمرجنسی بتائی گئی ہے۔
ٹوئٹر کی طرف سے ایک بیان میں کہا گیا کہ ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی ٹیم کے اکاؤنٹ اس خدشے کے باعث مستقل طور پر معطل کیے گئے ہیں کہ ان اکاؤنٹس کے ذریعے کی جانے والی ٹویٹس کے نتیجے میں امریکا میں مزید بدامنی کا خدشہ تھا۔
‘ٹوئٹر سیفٹی‘ کی طرف سے ایک ٹویٹ میں کہا گیا، ”اس ہفتے پیش آنے والے خوفناک واقعات کے تناظر میں ہم نے بدھ کے روز ہی واضح کر دیا تھا کہ ٹوئٹر کے ضابطوں کی مزید کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں ممکنہ طور پر یہ فیصلہ (اکاؤنٹ پر مستقل پابندی) کیا جا سکتا تھا۔‘‘
دریں اثناء ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ذاتی ٹوئٹر اکاؤنٹ پر اس پابندی کو اظہار رائے کی آزادی کی خلاف ورزی کا نام دیا ہے۔ امریکی صدر کے سرکاری ٹوئٹر اکاؤنٹ (POTUS) سے اپنی جمعے کی رات کی گئی ایک ٹویٹ میں صدر ٹرمپ نے الزام لگایا کہ ٹوئٹر کی طرف سے ”مجھے خاموش کرانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔‘‘
امریکی صدر نے اپنی اس ٹویٹ میں لکھا، ”ٹوئٹر اظہا رائے کی آزادی پر پابندی لگانے میں آگے، بہت ہی آگے نکل گیا ہے۔ ٹوئٹر کے ملازمین نے اپنا یہ فیصلہ ڈیموکریٹس اور انتہائی بائیں بازو کے عناصر کے ساتھ مل کر کیا ہے کہ اس پلیٹ فارم پر میرا اکاؤنٹ ختم کر دیا جائے۔ یہ مجھے خاموش کرانے کی ایک کوشش ہے اور آپ کو بھی، وہ 75 ملین عظیم محب وطن (امریکی) جنہوں نے مجھے ووٹ دیا۔‘‘