ٹوئٹر اسپیسز پر ٹکٹ لگائیے اور لاکھوں روپے کمائیے

Twitter Ticketed Spaces

Twitter Ticketed Spaces

سلیکان ویلی: ٹوئٹر نے حال ہی میں اپنے مونیٹائزیشن پروگرام کے تحت ایک نیا آپشن متعارف کروایا ہے جس کے ذریعے آپ ’’ٹوئٹر اسپیسز‘‘ پر ٹکٹ لگا کر پیسہ کما سکتے ہیں۔

مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز اور اسٹریمنگ سائٹس پر یہ سہولت برسوں سے موجود ہے کہ آپ ایک آن لائن پروگرام کی میزبانی کریں اور اسے سننے یا دیکھنے والوں سے اس میں شرکت کا معاوضہ بھی وصول کریں۔

اسی میدان میں اب ٹوئٹر نے بھی اپنا ایک فیچر ’’اسپیسز‘‘ (Spaces) استعمال کرتے ہوئے ایک قدم آگے بڑھایا ہے۔
آسان الفاظ میں کہا جائے تو ’’اسپیسز‘‘ فیچر کے تحت ٹوئٹر پر براہِ راست صوتی پروگرام (لائیو آڈیو پروگرام) اس طرح سے منعقد کیا جا سکتا ہے کہ اسے صرف چند مخصوص لوگ ہی سن سکیں۔

اگر آپ سوشل میڈیا انفلوئنسر ہیں تو اسی ’’اسپیسز‘‘ پر ٹکٹ لگا کر پیسہ بھی کما سکتے ہیں۔ اس حوالے سے ٹوئٹر بلاگ کے مطابق ’’اسپیسز‘‘ کے ٹکٹ کی مالیت ایک ڈالر سے 999 ڈالر تک رکھی جا سکتی ہے۔

مثلاً یہ کہ اگر کسی ٹوئٹر صارف کی عمر 18 سال سے زیادہ ہو، اس کا ٹوئٹر اکاؤنٹ تین ماہ یا اس سے پرانا ہو، اس کے فالوورز کی تعداد کم از کم دس ہزار ہو اور وہ پورے مہینے میں 25 یا زیادہ ٹویٹس کرتا ہو تو وہ ’’ٹکٹڈ اسپیسز‘‘ (Ticketed Spaces) سے پیسہ کما سکتا ہے۔

ٹوئٹر بلاگ میں اگرچہ واضح طور پر یہ تو نہیں لکھا کہ ’’ٹکٹڈ اسپیسز‘‘ سے کون کونسے ممالک میں سوشل میڈیا انفلوئنسرز استفادہ کرسکتے ہیں لیکن تحریر کے انداز سے ظاہر ہے کہ شاید اس پروگرام کا اجراء ساری دنیا کےلیے ایک ساتھ کر دیا گیا ہے۔

یہ پروگرام اینڈروئیڈ فون اور آئی فون، دونوں پر ٹوئٹر ایپس کے لیے ہے جس کے تحت امریکی سوشل میڈیا انفلوئنسرز کو معاوضے کی ادائیگی امریکی قوانین کے مطابق ٹیکس کٹوتی کے بعد کی جائے گی۔

علاوہ ازیں، اگر اس پروگرام کے ذریعے آپ ہر مہینے 50 ہزار ڈالر سے کم آمدنی حاصل کر رہے ہیں تو ٹوئٹر اس میں سے صرف 3 فیصد حصہ رکھے گا، لیکن ماہانہ آمدن 50 ہزار ڈالر یا زیادہ ہونے پر ٹوئٹر کا حصہ بھی بڑھ کر 20 فیصد ہو جائے گا۔