ٹوئٹر صارفین کی نگرانی کیلئے نئے سافٹ ویئر کی تلاش

Twitter

Twitter

نیویارک (جیوڈیسک) امریکی سی آئی اے عہدیدار امریکہ کی خفیہ ایجنسی نے ٹوئٹر صارفین کی نگرانی کیلئے ایک نئے سافٹ ویئر کی تلاش کا اشتہار جاری کیا ہے۔ سی آئی اے نے اس سلسلے میں اپنی ویب سائٹ پر متعلقہ ٹینڈر کی تشہیر بھی کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اسے سوشل میڈیا کے ڈیٹا کا جائزہ لینے کیلئے ایک عدد سافٹ ویئر درکار ہے جو ٹوئٹر صارفین کی نگرانی کرنے کی صلاحیت بھی رکھتا ہو۔

سی آئی اے کے ایک عہدیدار کا کہنا ہے کہ نئے سافٹ ویئر کا مقصد سوشل میڈیا کی نگرانی کو آسان بنانا ہے، جبکہ ٹوئٹر صارفین کی نگرانی کرنا اس پروگرام کو صرف ایک چھوٹا سا حصہ ہو گا۔ مذکورہ ٹینڈر ویب سائٹ پر گزشتہ ہفتے پوسٹ کیا گیا تھا جس میں مذکورہ سافٹ ویئر کی تفصیلات بتائی گئی ہیں، سافٹ ویئر انٹرنیٹ سے حاصل کئے گئے ڈیٹا کو علاقوں اور عمروں کے مطابق الگ الگ کر کے دکھانے کی صلاحیت رکھتا ہو۔ ویب سائٹ پر لکھا ہے کہ امریکی حکومت اپنے رہنماؤں اور ملک میں آنے والی شخصیات کا تحفظ کرنے کیلئے اس سافٹ ویئر کو ضروری سمجھتی ہے۔